ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس ذوالفقار حمید کے وژن کے تحت عوامی سہولت کے لیے ارنگ روڈ کے شاپنگ مال ایچ بی کے ایرینا میں صوبے کا پہلا جدید پولیس سہولت مرکز قائم کر دیا ہے۔
آئی جی پی ذوالفقار حمید نے افتتاحی تقریب میں فیتہ کاٹ کر مرکز کا باضابطہ افتتاح کیا جہاں سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد سمیت دیگر افسران اور شاپنگ مال کے مالک بھی شریک تھے، سی سی پی او نے آئی جی کو مرکز میں فراہم کی جانے والی جدید خدمات اور ڈیجیٹل نظام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
سہولت مرکز میں شہریوں کو پولیس کلیئرنس ویزہ اور ابراڈ سرٹیفکیٹ، کریکٹر سرٹیفکیٹ، ٹریفک لرنر، انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس، بلڈ ڈونیشن، دستاویزات کی گمشدگی رپورٹ، گھریلو ملازمین کی رجسٹریشن، ٹینڈر ویریفکیشن، پولیس ویلفیئر اسکول اور ریکروٹمنٹ سے متعلق معلومات سمیت دیگر خدمات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جائیں گی۔
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے اس اقدام کو پولیس کے عوام دوست اقدامات میں ایک بڑی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت کے جذبے کے تحت سہولت مراکز کو مزید بہتر بنایا جائے گا اور مزید مراکز کا قیام یقینی بنایا جائے گا۔