سندھ کے ضلع شکار پور میں کچے کے خطرناک 72 ڈاکوؤں نے صوبائی وزیر داخلہ ضیا لنجار کی موجودگی میں ہتھیار ڈال دیے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق شکار پور میں ہتھیار ڈالنے والے 72 خطرناک ڈاکوؤں میں بیلو تیغانی، بڈانی اور دیگر گینگز کے ارکان شامل ہیں، جنہوں نے اپنا تمام اسلحہ بھی جمع کرادیا۔
وزیرداخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار نے کہا کہ صدرمملکت آصف زرداری نے پالیسی دی کہ کچے میں امن قائم ہونا چاہیے، ہر کوئی چاہتا ہے خطے میں امن ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر کوئی اپنے بچوں کے ساتھ سکون کی زندگی گزارے، یہ پالیسی ایک سال قبل صدر مملکت آصف علی زرداری نے دی تھی۔
ضیاالحسن لنجار نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے سکھر میں پالیسی دیتے ہوئے کہا تھا کہ آپ لوگ حکومتی سطح پر ایک پالیسی بنائیں تاکہ اس علاقے میں امن ہو۔