ترجمان ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ساحل پولیس نے ایک خاتون کی شکایت پر گھریلو ملازم کو گرفتار کر کے بھاری مالیت کا سونا اور نقدی برآمد کرلی۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزم کی شناخت واجد علی کے نام سے ہوئی تاہم ساحل پولیس نے گھر کی مالکن کی مدعیت میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزم گزشتہ 8 سال سے خاتون کے گھر میں ملازمت کر رہا تھا اور ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم نے بتایا کہ وہ گزشتہ کئی سال سے مذکورہ گھر سے رقم اور قیمتی سامان چوری کرتا آ رہا ہے، ملزم طویل عرصے سے وقتاً فوقتاً گھر کی الماری سے نقد رقم، سونا، ڈالر اور دیگر قیمتی اشیا چوری کرتا رہا، اسی طرح اے ٹی ایم اور چیک بک کے ذریعے بھی بھاری رقوم منتقل کی ہے جس کی مجموعی مالیت کروڑوں روپے بنتی ہے۔
ترجمان کے مطابق ملزم کے مزید انکشاف پر پولیس نے اس کی نشان دہی پر بھاری مالیت کا سونا اور نقد رقم برآمد کرلی جس میں 5،5 تولہ سونے کے 2 بسکٹ، 2،2 تولہ سونے کے 2بسکٹ، ایک،ایک تولہ سونے کے 7بسکٹ اور دو لاکھ 27 ہزار روپے نقدی بھی برآمد ہوئی ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ ملزم نے تفتیش کے دوران مزید انکشاف کیا ہے کہ چوری کی گئی رقم سے بھاری مالیت کی جائیداد اور گاڑیاں خریدی ہیں اور بھاری رقوم اپنے اکاؤنٹ سے دیگر اکاؤنٹس میں بھی منتقل کی ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ساحل پولیس نے مقدمہ درج کر کے گرفتار گھریلو ملازم کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا جو ملزم کے بینک اکاؤنٹس اور جائیداد سمیت دیگر تفصیلات حاصل کر رہی ہے۔