4 لاکھ 26 ہزار ڈالرز کی مجموعی انعامی رقم کی چیمپئن شپ کے مینز اور ویمن ایونٹ میں مصری کھلاڑیوں نے بالادستی حاصل کرلی۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق فلاڈیلفیا میں جاری یو ایس چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل مقابلوں کا فیصلہ ہو گیا، 2 لاکھ 13 ہزار ڈالرز کی انعامی رقم والے مینز ایونٹ میں ٹاپ سیڈ مصر کے مصطفیٰ اسل نے انگلینڈ کے کرٹس ملک کو 0-3 سے شکست دے دی۔
سیڈ 2 نیوزی لینڈ کے بال کول نے فرانس کے عالمی نمبر 19 بیپٹسٹے ماسوٹئو ٹی کو اسی اسکور سے مات دی۔
مصر کے یوسف ابراہیم نے سیڈ 3 ویلز کے جوئل میکن کو 1-3 سے ہرا کر اپ سیٹ کیا، سیڈ 4 مصر کے کریم عبدالجواد نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد اپنے ہم وطن اور دو مرتبہ کے عالمی جونیئر چیمپئن 18 سالہ محمد زکریا کو 2-3 سے زیر کرلیا۔
دوسری جانب دو لاکھ 13 ہزار ڈالرز ہی کی انعامی رقم کے ویمن ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں ٹاپ سیڈ اور دفاعی چیمپئن مصر کی نور الشیربانی نے امریکا کی عالمی نمبر 24 امانڈے صوبی کو با آسانی 0-3 سے ہرا دیا۔
سیڈ 2 حانیہ حمامے (مصر) نے سیڈ 5 ساتوجی مطابو (جاپان)، سیڈ3 الیوا وائیور (امریکا) نے ثنا ابراہیم (مصر) اور سیڈ4 امینہ عرفی (مصر) نے سیڈ 6 ایٹنی گلز (بیلجیم) کو شکست دے دی۔