موقع پر چوکا! لوور میوزیم چوری میں استعمال ہوئی کرین بنانے والی کمپنی کا دلچسپ اشتہار وائرل

فرانس کے لوور میوزیم میں دن دہاڑے تاریخی زیورات کی چوری کے بعد، چوری میں مبینہ طور پر استعمال ہونے والی لفٹ بنانے والی جرمن کمپنی بوکر نے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے انسٹاگرام پر ایک مزاحیہ اشتہار پوسٹ کر دیا، جو تیزی سے وائرل ہوگیا۔

انسٹاگرام پوسٹ میں کمپنی نے واقعے کے بعد کا منظر دکھاتے ہوئے لکھا ”اگلی بار جب آپ کو چیزیں تیزی سے منتقل کرنی ہوں، بوکر اگیلو آپ کے 400 کلوگرام تک کے خزانے 42 میٹر فی منٹ کی رفتار سے، بالکل خاموشی، 230 وولٹ ای موٹر کے ساتھ پہنچاتا ہے۔“

یاد رہے کہ چور، جو اب بھی فرار ہیں، نے اتوار کی صبح میوزیم میں داخل ہو کر قیمتی زیورات چرائے، جن کی قیمت 100 ملین ڈالر سے زائد ہے۔


AAJ News Whatsapp

ویڈیو فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ چور دوسری منزل کے بالکونی کے ذریعے داخل ہوئے، جس کے لیے انہوں نے لفٹ سے لیس ٹرک استعمال کیا۔

کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر الیکزینڈر بوکر نے کہا کہ ابتدائی طور پر وہ اور ان کی اہلیہ حیران رہ گئے، مگر جب یہ واضح ہوا کہ کسی کو نقصان نہیں پہنچا، تو کاروباری ذہنیت نے کام کیا اور انہوں نے پوسٹ کے لیے مزاحیہ انداز اپنایا۔

بوکر کے مطابق انسٹاگرام پوسٹ پر عوامی ردعمل ”زبردست“ اور زیادہ تر مثبت رہا۔

لوور کے ڈائریکٹر لارنس ڈی کارز نے کہا کہ میوزیم کے پرانے کیمرے مشرقی بالکونی کا احاطہ نہیں کرتے تھے، جہاں چور داخل ہوئے تھے۔

کمپنی کے مطابق چوری میں استعمال ہونے والا ماڈل پیرس کے علاقے کے ایک صارف کو فروخت کیا گیا تھا جو اسے کرائے پر دیتا ہے، لیکن یہ مظاہرے کے دوران مالک سے چرا لیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا: ”ایسا لگتا ہے کہ کمپنی کا نام ہٹا دیا گیا اور نمبر پلیٹیں بدل دی گئیں۔“

Similar Posts