غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ تقریب مونٹی سیٹو میں ہوئی، جہاں میگھن مارکل مصنفہ اور لائف اسٹائل تخلیق کار کورٹنی اڈامو کے ساتھ گفتگو کر رہی تھیں۔
میگھن نے بتایا کہ وہ اپنے شوہر پرنس ہیری اور بچوں پرنس آرچی اور پرنسس للیبیٹ کے ساتھ کھانے کے وقت بات چیت کیلئے ایک خاص طریقہ کار ’روز اینڈ تھورن‘ اپناتی ہیں جس سے انہیں اپنے بچوں اور بچوں کو والدین سے متعلق ہر اہم بات معلوم ہوتی اور وہ ایک دوسرے کے مزید قریب ہوجاتے ہیں۔
اس طریقہ کار سے ہر بچہ دن کی سب سے اچھی اور سب سے مشکل بات شیئر کرتا ہے جس سے انہیں بچوں کے دل و دماغ میں چلنے والے خیالات، ہر منفی اور مثبت اثرات جاننے میں مدد ملتی ہے۔
میگھن مارکل کے مطابق اس طریقے سے بچوں کو اپنی روزمرہ زندگی کے بارے میں ان کے ساتھ گہرائی سے بات کرنے کا موقع ملتا ہے، بجائے اس کے کہ صرف پوچھا جائے دن کیسا گزرا؟
میگھن نے مسکراتے ہوئے بتایا کہ ان کی بیٹی شہزادی للیبیٹ اکثر اپنے دن کو اکثر ’بہت مزیدار‘ قرار دیتی ہے جو اس کی خوش مزاجی کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وہ گھر میں موسیقی سے دن کا آغاز کرتی ہیں، جبکہ اگر بچوں میں سے کوئی بیمار ہو تو وہ اُسے ایک آرام دہ کمبل دیتی ہیں تاکہ وہ بہتر محسوس کرے اور اس کیساتھ زیادہ وقت گزارتی ہیں۔
یاد رہے کہ اس تقریب میں میگھن نے شاہی زندگی اور خاندان سے علیحدگی کے بعد اپنے گھر کے ماحول اور طرزِ زندگی پر روشنی ڈالی جوکہ شاہی زندگی سے بےحد مختلف ہے۔