دی ناٹیکل انسٹیٹوٹ آف پاکستان کے چیئرمین کیپٹن ایس ایم فرید مسعود کی قیادت میں مرچنٹ نیوی کے دستے نے بانی پاکستان کے مزار پر حاضری دی، وفد میں مرچنٹ نیوی کے تمام رینک کے افسران و جوان شامل تھے۔
پاک بحریہ کے بینڈ نے مرچنٹ نیوی کے وفد کا استقبال کیا، جنہوں نے بانی پاکستان کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر ینگ کیڈٹس کو ایوان نوادارت کا خصوصی دورہ کروایا گیا، جہاں انہوں نے بانی پاکستان کے زیر استعمال گاڑیوں، ملبوسات اور دیگر اشیاء کا مشاہدہ کیا۔
اس موقع پر فرید مسعود کا گفتگو میں کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے اقوال زریں پر عمل کرنا اور ان سے عقیدت کا اظہار کرنا ہر پاکستانی پرل ازم ہے کیونکہ قائد اعظم کی بے بہا جدوجہد کے بعد پاکستان ایک آزاد مملکت کی حیثیت سے دنیا کے نقشے پر ابھرا۔
ان کا کہنا تھا کہ مرچنٹ نیوی کے شعبے سے وابستہ افراد کو دنیا بھر میں پاکستان کے سفیر کا درجہ حاصل ہے، جو جہاز رانی کی صنعت میں اپنے پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے دوران محفوظ سفر کو یقینی بناتے ہیں، یہ افراد لائق تحسین ہیں، مرچنٹ نیوی برادری اپنے پیشے پر فخر کرتی ہے۔