پشاور میں جعلی ادویات بنانے والے گھر پر چھاپہ، ملزمان گرفتار

ضلعی انتطامیہ نے پشاور کے علاقہ سیٹھی ٹاون میں ایک مکان پر چھاپے کے دوران سرکاری اسپتالوں کی ادویات برآمد کرکے دو افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جائے وقوعہ کے مکان کو سیل کردیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ پشاور کی جانب سے غیر قانونی اور جعلی ادویات کی اطلاع پر اسسٹنٹ کمشنر (سٹی) کی قیادت میں محکمہ صحت کے ڈرگ انسپکٹر کے ہمراہ سیٹھی ٹاؤن کے علاقے میں کارروائی کی گئی۔

کارروائی کے دوران ایک رہائشی مکان سے بڑی مقدار میں سرکاری ادویات برآمد کرلی گئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق یہ ادویات مختلف سرکاری اسپتالوں کے لیے مخصوص تھیں جنہیں غیر قانونی طور پر ذخیرہ کر کے فروخت کے لیے تیار کیا جا رہا تھا۔

کارروائی کے دوران ادویات کو موقع پر ضبط کر کے مکان کو سیل کر دیا گیا جبکہ دو افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ پشاور عوام کے صحت کے تحفظ کے لیے ادویات کی غیر قانونی فروخت، ذخیرہ اندوزی، اور جعلی مصنوعات کی تیاری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

ڈپٹی کمشنر پشاور نے واضح کیا کہ ایسے عناصر جو عوام کی صحت سے کھیلنے کے مرتکب ہیں، کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ غیر معیاری یا مشکوک ادویات کی فروخت کے متعلق فوری طور پر ضلعی انتظامیہ یا محکمہ صحت کو آگاہ کریں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔

Similar Posts