ایشیائی ترقیاتی بینک اور گرین کلائمیٹ فنڈنگ کی پاکستان میں گلیشئیر سے متاثرہ علاقوں کے منصوبوں کے لیے 25کروڑ ڈالر کی فنڈنگ، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعاون کے نئے فریم ورک کے تحت توانائی کان کنی اور زراعت میں تجارت وسرمایہ کاری کو فروغ دینے پر اتفاق جیسے اچھے فنڈامینٹلز کے باعث انٹربینک مارکیٹ میں بدھ کو بھی ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا تاہم اس کے برعکس اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مستحکم رہی۔
آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ سے دسمبر میں 1.2ارب ڈالر کی اگلی قسط منظور ہونے کی توقعات اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ تجارت کو 20ارب ڈالر تک پہنچانے پر اتفاق جیسے عوامل کے باعث انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے تمام دورانیے میں ڈالر تنزلی سے دوچار رہا جس سے ایک موقع پر ڈالر کی قدر 25پیسے کی کمی سے 280روپے 72پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی لیکن زرمبادلہ کی رسد بڑھنے سے درآمدی نوعیت کی طلب بڑھنے سے کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر 02پیسے کی کمی سے 280روپے 95پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔
اس طرح سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 6ماہ کی کم ترین سطح پر آگئے جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 282روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔