ایران مذاکرات کر رہا ہے، وہ نہیں چاہتے ہم اُن پر حملہ کریں، ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران اس وقت مذاکرات کر رہا ہے اور وہ نہیں چاہتا کہ امریکا اس پر حملہ کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے واشنگٹن میں نیشنل پریئر بریک فاسٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا کا ایک بڑا بحری بیڑا ایران کی جانب رواں ہے، جو امریکی طاقت اور دفاعی صلاحیت کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ جب ماضی میں بی ٹو بمبار طیاروں نے کارروائی کی تو ایران کو اس کا علم تک نہیں ہو سکا، کیونکہ یہ طیارے جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس ہیں۔

صدر ٹرمپ نے امریکی فوج کو دنیا کی طاقتور ترین فوج قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا اپنی سلامتی اور مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا امن کو ترجیح دیتا ہے، تاہم طاقت کا مظاہرہ بھی امریکی پالیسی کا حصہ ہے۔

صدر ٹرمپ نے نیشنل پریئر بریک فاسٹ کو امریکا کی ایک بہت اچھی اور قدیم روایت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب قوم کو یکجا کرنے اور روحانی اقدار کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

Similar Posts