گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی زیرِ صدارت پاکستان انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (PIDCL) کا اجلاس ہوا، جس میں جنرل منیجر انجینئرنگ اور دیگر افسران نے جاری منصوبوں پر بریفنگ دی۔
بریفنگ میں انکشاف کیا گیا ہے گرین لائن منصوبے کی توسیع کے کام کی بندش سے روزانہ 2 کروڑ روپے کا نقصان ہورہا ہے اور اس کی تکمیل میں حائل مختلف رکاوٹوں کے باعث تاخیر ہورہی ہے۔
گورنر سندھ نے PIDCL کے ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کا سخت نوٹس لیا اور منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مکمل اور زیرِ تعمیر منصوبوں کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے منصوبوں کی تکمیل میں حائل وجوہات اور رکاوٹیں فوری طور پر دور کرنے کی ہدایت بھی کی۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ عوامی مفاد میں جاری تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ وقت پر مکمل کیے جائیں۔ منصوبوں میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے پی آئی ڈی سی ایل حکام کو شفافیت، معیار اور رفتار یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔