وسطی بحیرہ عرب پر دباؤ، کراچی میں آئندہ 3روز موسم کیسا رہے گا؟

وسطی بحیرہ عرب پر دباؤ کے باعث محکمہ موسمیات نے کراچی میں آئندہ تین روز کے موسم سے متعلق پیشگوئی کر دی۔

محکمہ موسمیات کی ارلی وارننگ سسٹم پیش گوئی کے مطابق آج اور کل شہر میں کبھی کبھار تندوتیز ہوائیں چل سکتی ہیں، ہواؤں کا رخ بدستور شمال مغربی (تھرپارکر) کی جانب سے رہے گا۔

شہر میں آج زیادہ سے زیادہ پارہ 35، کل اور پرسوں 36 ڈگری تک بڑھ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت صوبے بھر میں 3 روز کے دوران موسم گرم و خشک رہنے کی توقع ہے۔

سمندری سرگرمی سے متعلق جاری 9ویں واچ کے مطابق وسطی بحیرہ عرب پر دباؤ کا کراچی سے فاصلہ 786 کلومیٹر اور گجرات (بھارت) سے ڈپریشن کا فاصلہ 400 کلومیٹر ہے۔

دباؤ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مغرب کی طرف بڑھا اور اگلے 24 گھنٹوں کے دوران دباؤ مغرب کی طرف بڑھنے کا امکان ہے۔

اس کے زیر اثر ضلع تھرپارکر میں چند مقامات پر ہلکی بارش یا بوندا باندی ہو سکتی ہے، فی الحال پاکستان کے کسی ساحلی علاقے کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

Similar Posts