قومی اسمبلی میں اپوزیشں لیڈر عمر ایوب نے الزام لگایا ہے کہ عمران خان کو عید کی نماز نہیں پڑھنے دے گئی، ہم کیسے مملکت اسلامی پاکستان میں رہ رہے ہیں جہاں بانی بانی پی ٹی آئی کو عید کی نماز نہیں پڑھنے دی گئی۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں عدالتی حکم کے باوجود بانی سے ملاقات نہیں کرنے دی گئی، جمعرات کی ملاقات کی لسٹ بانی خود فائنل کرکے وکلاء کے حوالے کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پتا نہیں کس کے کہنے پر ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، بانی کی اڑھائی ماہ سے بچوں سے بات نہیں ہونے دی گئی، بہنوں سے ملاقات نہیں کرنے دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ عید کےبعد آج اپنے لیڈر سے ملاقات کیلئے آئے تھے، ایک بار پھر ہمیں ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، ڈھائی ماہ سےہم متواترآرہے ہیں ملاقات نہیں دی جارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی خودلسٹ دیتے ہیں ،کسی کو ملنے نہیں دیا جاتا،بانی کی بہنوں سے ملاقات روکی گئی ہے، بانی کو بچوں سے فون پر بات نہیں کروائی جارہی ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ بانی پی ٹی آئی کو عید کی نماز نہیں پڑھنے دی گئی، آج شبلی فرازنےتوہین عدالت کی درخواست دائر کی ہے، امید ہے جج صاحبان اپنے احکامات کی کچھ پاسداری کرائیں گے۔
اس موقع پر سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے کہا کہ ہم عدالت کے حکم پر بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے یہاں آئے ہیں مگر یہاں عدالتی حکم کا کوئی مان ہی نہیں رہا۔ عدالتی فیصلوں کو جوتے کی نوک پر رکھا جارہا ہے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ ایسی مثالیں قائم کی جارہی ہیں جن کی کوئی نظیر نہیں۔ عدالتیں اپنا وقار اور رٹ ختم کرچکی ہیں، عدالتیں اپنے احکامات کی توہین پر کارروائی کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ملاقات نہ کروانا عدالت کے فیصلے کی کھلم کھلا توہین ہے۔ عدالتوں اورججز کی کوئی حیثیت ہی نہیں رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عدالتوں نے ہی بانی اور بشری بی بی کو سزا دی ہے،انہی عدالتوں کے احکامات پرعمل در آمد نہیں ہورہا ہے۔
اس موقع پر ترجمان بانی پی ٹی ائی نیاز اللہ نیازی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ملاقات کے لئے 11 بجے جیل پہنچے ہیں، جیل انتظامیہ کو رہنماؤں کی فہرست بھی بھیجی تھی، کسی رہنما کو ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔ عدالتی حکم کی بار بار خلاف ورزی کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا ہم آئین اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں، جیل انتظامیہ کے خلاف عدالت جارہے ہیں۔
دریں اثنا بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے کے بعد جیل ملاقات کیلئے انے والے تمام رہنما واپس روانہ ہوگئے۔