رحمان بابا ایکسپریس حادثے کا شکار، 4 مسافر جاں بحق 30 سے زائد زخمی
ملتان میں کراچی سے پشاور جانے والی رحمان بابا ایکسپریس حادثے کا شکار ہوگئی ہے، جس کے نتیجے میں 4 مسافر جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق رحمان بابا ایکسپریس کی تمام 14 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں، جبکہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے نشتر اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں 4 مسافر جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
حادثے کے باعث اپ ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت بند ہوگئی ہے، جس سے ریلوے آپریشن متاثر ہوا ہے۔ حادثے کی وجوہات سے متعلق تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ملتان میں رحمان بابا ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اترنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے زخمیوں کو فوری طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
وزیر اعظم نے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد سے اظہار افسوس بھی کیا ہے اور متعلقہ حکام کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔