ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی اسپتال منتقلی اور علاج کے معاملے پر پی ٹی آئی کے مرکزی جنرل سیکرٹری سلمان اکرام راجہ اسپتال پہنچے۔
سلمان اکرام راجہ نے شاہ محمود قریشی سے اسپتال میں ملاقات اور عیادت کی۔ اس موقع پر شوکت بسرا اور ظہیر بابر بھی سیکریٹری جنرل کے ساتھ موجود تھے۔
سلمان اکرام راجہ اور شاہ محمود قریشی نے موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنماؤں فواد چوہدری، محمود مولوی، عمران اسماعیل سمیت دیگر نے بھی اسپتال میں شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی تھی۔
پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین سے ملاقات کے بعد سابق رہنماؤں نے موجودہ پی ٹی آئی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی سے ملنے اور اُن کی رہائی کیلیے تحریک چلانے کا بھی اعلان کیا۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ایک ایسے وقت میں جب پاکستان عالمی سطح پر کامیابیاں حاصل کررہا ہے ایسے میں ملک کے اندرونی سیاسی حالات کو بہتر اور کشیدگی کو ختم ہونا چاہیے۔ انہوں نے امید ظاہر کی تھی کہ وہ اور تمام سابق لوگ سنجیدگی کے ساتھ آگے آکر بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلیے کامیاب تحریک چلوا کر کامیابی حاصل کریں گے۔