افواج پاکستان نے کہا ہے کہ پاکستان نے تاریخ کا وہ باب رقم کر دیا جسے آنے والی نسلیں فخر سے پڑھیں گی، افواجِ پاکستان نے 10 مئی 2025 کو بھارتی جارحیت کا منہ توڑ اور عبرتناک جواب دے کر ”معرکۂ حق“ میں عظیم الشان فتح حاصل کر لی، یہ کارروائی ”عملیات بنیان مرصوص“ کے نام سے تاریخ میں درج ہو گئی، جس نے دشمن کو ہر محاذ پر لرزا کر رکھ دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق بھارت کی جانب سے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب عام شہریوں پر بزدلانہ حملے، جن میں معصوم بچے، خواتین اور بزرگ شہید ہوئے، پاکستان کے صبر کو چیلنج تھے مگر وہ بھول گیا تھا کہ یہ وہ قوم ہے جو مظلومیت پر روتی نہیں، دشمن کو جواب دیتی ہے، الحمدللہ! افواجِ پاکستان نے قوم کے وعدے کو وفا میں بدل دیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ فضا، زمین، سمندر اور سائبر، ہر محاذ پر دشمن کو گھیر کر نشانہ بنایا گیا۔ ”فتح F1 و F2“ میزائلوں کی گھن گرج ہو، یا پاک فضائیہ کی بجلی کی سی رفتار، دشمن کی اہم تنصیبات جیسے سورت گڑھ، سرسا، بھُج، نالیا، آدمپور، اونتی پورہ، سری نگر، جموں، امبالہ، پٹھان کوٹ اور دیگر بیسز راکھ کے ڈھیر بن گئے۔
اعلامیے کے مطابق بھارت کے فخر S-400 دفاعی نظام کو بے بسی سے ناکارہ ہوتے دیکھنا، اس کے غرور کی موت تھی، برہموس میزائل کے ذخیرے بیاس اور ناگروٹہ میں تباہ کیے گئے، جو پاکستان پر حملوں میں استعمال کیے جا چکے تھے، کے جی ٹاپ اور نوشہرہ کی بریگیڈیں جنہوں نے بچوں کے قتل کی منصوبہ بندی کی، صفحۂ ہستی سے مٹا دی گئیں۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ ایل او سی پر دشمن کی توپیں خاموش کر دی گئیں، یہاں تک کہ اس نے سفید جھنڈا لہرا دیا۔ دشمن کے ڈرون پاکستان کی فضا میں داخل ہوئے تو جواب میں پاکستانی ڈرون نئی دہلی تک پرواز کر گئے، ایک واضح پیغام کہ دشمن کا ہر قدم، اب موت کے سائے میں ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے مزید کہا گیا کہ سائبر محاذ پر بھی دشمن کے نظام معطل کر دیے گئے، دشمن کی مواصلاتی اور جنگی صلاحیتوں کو وقتی طور پر مفلوج کر دیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو عبرت ناک انجام تک پہنچایا گیا۔یہ صرف ایک جنگ نہیں تھی، یہ قوم کے وقار، خودمختاری اور ایمان کی جنگ تھی۔
اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ پاکستان کی سیاسی قیادت، میڈیا، سفارتکار، نوجوان اور عوام نے مثالی اتحاد کا مظاہرہ کیا۔ پاک فوج نے ثابت کیا کہ وہ صرف بارڈر کی محافظ نہیں، قوم کی غیرت اور عظمت کی علمبردار ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کا جواب مکمل، فیصلہ کن، اور انتہائی مہذب تھا، جس میں صرف ان اہداف کو نشانہ بنایا گیا جو براہِ راست پاکستانی شہریوں کے قتل اور دہشت گردی میں ملوث تھے۔