وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے 6 لاکھ کاشت کاروں کو کسان کارڈ کے ذریعے فی ایکڑ 5ہزار روپے ویٹ سپورٹ پرائس کے اجرا کی منظوری دے دی جبکہ کسان کارڈ نہ رکھنے والے کاشت کاروں کو بھی فی ایکڑ 5 ہزار سبسڈی دی جائے گی۔
لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس میں زرعی ٹیوب ویل کی سولرائزیشن کی اسکیم کا جائزہ لیا گیا جبکہ اجلاس میں ویٹ سپورٹ پروگرام کے نفاذ کے لیے تجاویز پر غور اور زرعی زمین مالکان کے ساتھ ٹھیکیدار کو بھی شامل کرنے کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے 6 لاکھ کاشت کاروں کو کسان کارڈ کے ذریعے ویٹ سپورٹ پرائس کے اجرا کی منظوری دے دی، ویٹ سپورٹ پروگرام کے لیے موصولہ 50 فیصد درخواستوں کی تصدیق بھی ہوئی۔
اجلاس میں طے پایا کہ کسان کارڈ نہ رکھنے والے کاشت کاروں کو بھی فی ایکڑ 5 ہزار سبسڈی دی جائے گی۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا کہ کاشت کاروں کو اگلی فصل کے لیے بھی اربوں روپے سبسڈی دی جائے گی، کاشت کاروں نے 36 ارب زرعی مداخل کے لیے استعمال کرلیے، کسان کارڈ سے زرعی مداخل کے لیے جاری قرض کی 60 فیصد واپسی ممکن ہوئی، کاشت کاروں نے کسان کارڈ کے ذریعے لئے گئے 22 ارب کے قرض واپس کردیے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ کاشت کاروں کو کسان کارڈ کے ذریعے نئی فصل کے لیے دوسری قسط کا اجرا ہوا۔