حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے اپنے موقف کی وضاحت کی اور کہا کہ وہ آج بھی اپنے اس بیان پر قائم ہیں کہ برکت صرف مرد کی کمائی میں ہوتی ہے۔
پوڈکاسٹ کے میزبان کے سوال کے جواب میں صائمہ قریشی نے کہا کہ ’’اگر میں نہ کماؤں تو کیا کروں؟ میں ایک سنگل مدر ہوں اور مجھے اپنا گھر خود سنبھالنا پڑتا ہے۔ اسی تجربے کی بنیاد پر میں کہہ رہی ہوں کہ عورت کی کمائی میں برکت نہیں ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ان کی کمائی میں واقعی برکت ہوتی تو وہ آج تک اپنا گھر بنا چکی ہوتیں، لیکن وہ اب بھی کرایے کے مکان میں رہ رہی ہیں۔
اداکارہ نے اپنے موقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان خواتین کی بات کر رہی ہیں جو بالکل تنہا کما رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’جو خواتین خوش ہیں اور سمجھتی ہیں کہ ان کی کمائی میں برکت ہے، درحقیقت انہیں کہیں نہ کہیں خاندانی حمایت حاصل ہے یا پھر ان کے پاس شوہر کی سپورٹ ہے۔‘‘
میزبان کے اس سوال پر کہ ’’اگر آپ مرد ہوتیں تو کیا اپنا گھر بنا لیتیں؟‘‘ صائمہ قریشی نے جواب دیا کہ ’’ممکن ہے کہ اگر میں مرد ہوتی تو اپنا گھر بنا چکی ہوتی۔ مجھے آج بھی یہی لگتا ہے کہ مرد کی کمائی میں برکت ہے۔‘‘
یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب صائمہ قریشی پہلے ہی اپنے اس موقف پر عوامی تنقید کا نشانہ بن چکی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنی ذاتی تجربات کی بنیاد پر یہ بات کر رہی ہیں، اور ان کا مقصد خواتین کی حوصلہ شکنی نہیں بلکہ معاشرتی حقیقتوں کو اجاگر کرنا ہے۔