وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کو سعودی عرب روانگی سے قبل لازمی ویکسین (گردن توڑ بخار، فلو، پولیو) لگوانے کی ہدایت دی ہے۔ تمام عازمین حج کو اپنے نزدیکی حاجی کیمپ سے یہ ویکسین مفت میں لگوا کر پیلا کارڈ حاصل کرنا ضروری ہے۔ پیلا کارڈ کے بغیر سعودی عرب میں داخلہ ممکن نہیں ہوگا۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق 65 سال سے زائد عمر کے عازمین اپنا پرانا کرونا ویکسین کارڈ ہمراہ رکھیں۔ اگر یہ کارڈ موجود نہ ہو تو انہیں وزارت مذہبی امور کے نزدیک حاجی کیمپ سے کرونا ویکسین لگوا کر نیا کارڈ حاصل کرنا ہوگا۔
وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کو خبردار کیا ہے کہ وہ صرف مستند حج اجازت نامہ کے ساتھ سعودی عرب کا سفر کریں۔ جعلی کمپنیاں اور غیر قانونی اشتہارات حجاج کو اجازت نامے کے جعلی وعدوں کے ساتھ دھوکہ دے رہے ہیں۔
رواں سال پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت جانے والے کتنے پاکستانی حج نہیں کر سکیں گے؟
وزارت نے کہا ہے کہ غیر قانونی حج اجازت ناموں کے نتیجے میں سعودی حکام کی جانب سے حراست، جرمانے یا ملک بدری کا سامنا ہو سکتا ہے، اور مقدس مقامات جیسے منیٰ، عرفات اور مزدلفہ میں داخلے سے انکار کیا جا سکتا ہے۔
غلط اجازت ناموں سے عازمین کو مالی نقصان بھی ہو سکتا ہے کیونکہ ان غیر مستند حج پیکیجوں کے لیے ادا کی گئی رقم کی واپسی نہیں کی جائے گی۔
وزارت مذہبی امور نے عازمین حج سے اپیل کی کہ ’آئیے ہم سب کے لیے ایک محفوظ، جائز اور روحانی طور پر بھرپور حج کو یقینی بنائیں۔‘
روضہ رسول ﷺ میں داخلے سے متعلق سعودی عرب کی نئی ہدایات جاری
عازمین حج سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ صرف مستند ذرائع سے ہی حج کی تیاری کریں اور تمام ضروری ہدایات پر عمل کریں۔