محکمہ ٹریفک پولیس کے مطابق 7 روز میں واٹر ٹینکر تیز رفتاری پر کیے جانے والے چالان میں پہلے نمبر پر رہا جس کے 227 چالان کیے گئے جس سے بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ شہر میں ہیوی ٹریفک کے ڈرائیور دوران ڈرائیونگ تیز رفتاری کا مظاہرہ کرتے ہیں جو جان لیوا حادثات کا بھی سبب بن رہے ہیں۔
اس کے علاوہ ٹرک کے سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزی پر سب سے زیادہ 119 چالان کیے گئے۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے شہر میں نصب کیے جانے والے جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے گزشتہ ماہ 27 اکتوبر کو شہر میں فیس لیس ای چالان کا سلسلہ شروع کیا گیا جس میں ایک ہفتے کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر اب تک 30 ہزار کے قریب ای چالان کر کے شہریوں کو ان کے گھروں پر ارسال کیے جا چکے ہیں۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے ہیوی گاڑیوں کے ای چالان سے متعلق 27 اکتوبر سے 3 نومبر تک کے اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں جس میں سب سے زیادہ چالان تیز رفتاری (اوور اسپیڈ) کے سامنے آئے اور اس میں واٹر ٹینکر سرفہرست رہا۔
اعداد و شمار کے مطابق شہر میں ہیوی گاڑیوں کے مجموعی طور پر 516 ای چالان کیے گئے جس میں 352 ای چالان تیز رفتاری پر جاری کیے گئے۔
تیز رفتاری پر کیے جانے والے ای چالان میں واٹر ٹینکر کو 227 ، ٹرک کو 83 ، ڈمپر کو 25 ، آئل ٹینکر کو 16 جبکہ ایک ای چالان بس کو جاری کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزی پر سب سے زیادہ 119 چالان ٹرک کے کیے گئے جبکہ بس کے 23 ، کرین کے 9 ، آئل ٹینکر کے 4 ای چالان کیے گئے۔
ٹریفک پولیس نے بس چلاتے ہوئے قوانین کی خلاف وزی پر مسافروں کو چھت پر بیٹھانے پر ایک چالان ، اسٹاپ لائن کی خلاف ورزی پر ایک چالان، آئل ٹینکر کے موبائل استعمال پر 2 چالان ، ٹرک کے موبائل فون استعمال پر ایک جبکہ سامان غلط وزن اور غیر محفوظ طریقے سے سامان لوڈ کرنے کے ایک ، ایک چالان کیے۔