سندھ اور رومانیہ کے درمیان تجارتی تعلقات بڑھانے پر اتفاق

حکومت سندھ اور رومانیہ کے درمیان تجارتی تعلقات اور تعلیم کے شعبے میں اسکالرشپ پروگرام میں مل کر کام کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے رومانیہ کے سفیر ڈاکٹر ڈین اسٹوینسکو کی ملاقات ہوئی جس میں سفیر رومانیہ کے وفد میں منسٹر رومانیہ ایمبیسی ایڈورڈ پریڈا، وائس ویزا کاؤنسلر کرسٹین اسٹیلین کوروما اور دیگر شریک تھے۔

پاکستان رومانیہ بزنس کونسل کے چیئرمین سہیل شمیم فیروپو اور پاکستان رومانیہ بزنس کونسل کے سی ای او عاطف فاروقی بھی وفد میں ملاقات میں شریک ہوئے۔ 

وزیراعلیٰ سندھ نے رومانیہ کے سفیر اور وفد کا خیرمقدم کیا جبکہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

سید مراد علی شاہ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ سندھ میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ کراچی بندرگاہ  عالمی تجارت کا اہم مرکز ہے، کراچی پورٹ میں سرمایہ کاری کے بے شمار فوائد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے تعلیمی مواقع بڑھانا ہماری ترجیح ہے۔ زرعی و ثقافتی شعبوں میں باہمی تعاون سے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ اسی طرح ہم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی تصاویر کی نمائش کے بھی منتظر بھی رہیں گے۔

دوسری جانب سفیر رومانیہ کا کہنا تھا کہ رومانیہ کی بندرگاہ پورے یورپ کے لیے اہم گیٹ وے ہے، رومانیہ کی بندرگاہ کے ذریعے یورپ کے 450 ملین افراد کو رسائی حاصل ہوتی ہے۔ ہم شہید ذوالفقار بھٹو کی نایاب تصاویر کی نمائش بھی کریں گے جو ہمارے پاس موجود ہے۔

Similar Posts