ورجینیا سے نیو جرسی تک ڈیموکریٹس کی فتح، غزالہ ہاشمی امریکا کی پہلی مسلم نائب گورنر بن گئیں

امریکا میں ریاستی انتخابات کے نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں، جن میں ورجینیا اور نیو جرسی میں ڈیموکریٹک پارٹی نے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق ورجینیا میں ڈیموکریٹس نے تاریخی فتح حاصل کرتے ہوئے پہلی خاتون گورنر کا اعزاز جیت لیا۔ ایبی گیل اسپین برجر ورجینیا کی پہلی خاتون گورنر منتخب ہوگئیں، جب کہ نائب گورنر کے طور پر غزالہ ہاشمی کامیاب ہوئیں۔ غزالہ ہاشمی ریاست کی پہلی بھارتی نژاد مسلم خاتون نائب گورنر بن گئی ہیں۔

غزالہ ہاشمی کو اس سے قبل ورجینیا کی پہلی مسلم اور جنوبی ایشیائی نژاد خاتون سینیٹر بننے کا اعزاز بھی حاصل ہوچکا ہے۔

دوسری جانب نیو جرسی میں بھی ڈیموکریٹ امیدوار میکی شیرل نے گورنر کا الیکشن جیت لیا۔ انہوں نے ری پبلکن امیدوار اور سابق رکن اسمبلی جیک چیٹریلی کو شکست دی۔

اسی دوران، نیو جرسی کے شہر جرسی سٹی میں پاکستانی نژاد امیدوار مصعب علی مئیر کے عہدے کے لیے انتخاب لڑ رہے ہیں۔ وہ لاہور میں پیدا ہوئے اور بچپن میں اپنے والدین کے ساتھ امریکا منتقل ہوئے۔ مصعب کے اہلخانہ نے 9/11 کے بعد تعصب اور مشکلات کا سامنا کیا، جس کے بعد وہ سماجی خدمات اور سیاست سے وابستہ ہوگئے۔

علاوہ ازیں، اٹلانٹا میں میئر کے انتخاب میں آندرے ڈکنز دوسری مدت کے لیے دوبارہ میئر منتخب ہوگئے ہیں۔

 

 

Similar Posts