جنوبی افریقا نے تیسرے اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں پاکستان کو جیت کے لیے 144 رنز کا آسان ہدف دے دیا ہے۔
ہفتے کو فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے فیصلہ کن ون ڈے میں جنوبی افریقا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جو ان کے حق میں ثابت نہ ہوا اور مہمان ٹیم پورے 50 اوورز بھی پورے نہ کھیل سکی اور پوری ٹیم 37.5 اوورز میں 143 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
جنوبی افریقا کی بیٹنگ
ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کے لیے میدان میں اترنے والی جنوبی افریقی ٹیم کی اننگز کا آغاز اچھا رہا، اوپننگ جوڑی کوئنٹن ڈی کوک اور لہوان ڈری پریٹوریئس نے ٹیم کو 72 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، جس کے بعد پریٹوریئس 39 رنز بنانے کے بعد سلمان علی آغا کا شکار بن گئے، ان کی اننگز میں میں 4 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
تاہم کوئنٹن ڈی کوک نے ایک بار پھر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی نصف سینچری مکمل کی لیکن 25 ویں اوورز میں محمد نواز نے انہیں بھی چلتا کیا۔ ڈی کوک 53 رنز بنا کر ٹیم کے سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی رہے، جس میں 6 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
ڈی کوک کے آؤٹ ہوتے ہی ابرار احمد نے پرویٹز بلے بازوں کو اپنے اسپن جال میں پھنسادیا لیکن بدقسمتی سے وہ اپنی ہیٹ ٹرک مکمل نہ کرسکے۔
اس کے بعد کوئی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا، کپتان بریٹزکے اور نقابایومزی پیٹر نے 16 رنز بنا کر ڈبل فگرز میں پہنچنے کے علاوہ زیادہ اثر نہیں ڈالا جب کہ ٹونی ڈی زورزی 2، روبین ہرمن 1، ڈونووین فریرا 7، کاربن بوش صفر، یورن فورٹین 3 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
اس طرح جنوبی افریقی بیٹنگ لائن پاکستانی بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم مقررہ 50 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور 37.5 اوورز میں 143 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور پاکستان کو جیت کے لیے 144 رنز کا ہدف دے دیا۔
پاکستان کی طرف سے ابرار احمد نے 10 اوورز میں 27 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ کپتان شاہین شاہ آفریدی، سلمان علی آغا اور محمد نواز نے 2،2 وکٹیں لیں۔
میچ کا ٹاس
فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں 3 میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کے تیسرے اور آخری میچ کا ٹاس جنوبی افریقا کے کپتان میتھیو بریٹزکے نے جیت کر پہلے خود بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ اگر ٹاس جیتتے تب بھی پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ ہی کرتے۔
پاکستان نے تیسرے میچ کے لیے ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی ہیں، محمد وسیم جونیئر اور نسیم شاہ کی جگہ حارث رؤف اور ابرار احمد کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
جنوبی افریقی ٹیم میں بھی 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، جارج لنڈے کی جگہ لنگی نگیدی اور انجری کا شکار ہونے سنتھیمبا کیشیلےکی جگہ روبن ہرمین ڈیبیو کو شامل کیا گیا ہے۔
میچ سے قبل قومی کھلاڑیوں نے پریکٹس سیشن میں حصہ لیا، کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی مشقیں کیں تاکہ فیصلہ کن میچ کے لیے اپنی فارم بہتر کریں۔
پاکستان کا اسکواڈ
پاکستان کے اسکواڈ میں شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، فخر زمان، صائم ایوب، بابر اعظم، محمد رضوان، سلمان علی آغا، حسین طلعت، محمد نواز، فہیم اشرف، حارث رؤف اور ابرار احمد شامل ہیں۔
جنوبی افریقا کا اسکواڈ
جنوبی افریقا کی ٹیم لہوان ڈری پریٹوریئس، کوئنٹن ڈی کوک، ٹونی ڈی زورزی، میتھیو بریٹزکے، روبن ہرمین، دونوان فریرا، لنگی نگیدی، کوربن بوش، جون فورچیون، نگابا پیٹر اور ناندرے برگر پر مشتمل ہے۔
یاد رہے کہ جنوبی افریقا اور پاکستان کے درمیان 3 میچز کی ون ڈے سیریز 1-1سے برابر ہے۔ سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے مہمان ٹیم کو 2 وکٹ سے شکست دی جب کہ دوسرے ون ڈے میں جنوبی افریقا نے گرین شرٹس کے خلاف 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔
اس سے قبل دونوں ٹیمیں ٹیسٹ اور ٹی 20 سیریز کھیل چکی ہیں۔ ٹیسٹ سیریز برابر رہی تھی جب کہ پاکستان نے ٹی 20 سیریز 1-2 سے جیت لی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان جنوبی افریقا کے خلاف ہوم گراؤنڈ میں آج تک کوئی ون ڈے سیریز نہیں جیت سکا تاہم جنوبی افریقا میں کھیلی گئی گزشتہ دونوں سیریز میں پاکستان فاتح رہا ہے۔