کراچی؛ گلبرگ میں ہوائی فائرنگ سے بچے کی ہلاکت، ملزم اور اس کا معاون ساتھی گرفتار، اسلحہ برآمد

گلبرگ پولیس نے ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں کمسن بچے کی ہلاکت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے الزام میں ملزم اور معاونت فراہم کرنے والے شخص کو بھی گرفتار کرلیا ، پولیس نے فائرنگ کرنے والے ملزم کے قبضے اسلحہ بھی برآمد کرلیا۔

اس حوالے سے ترجمان ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کے جاری اعلامیے کے مطابق جمعے کی شب گلبرگ تھانے کی حدود گجر نالے کچی آبادی میں فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں 8 سالہ مہتاب ولد عطا حسن نامی لڑکا جاں بحق ہوا تھا جس کی ابتدائی اطلاعات ایم ایل او عباسی شہید اسپتال کی جانب سے موصول ہوئیں کہ ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں ایک بچے کی موت واقع ہوئی ہے جس پر ایس ایچ او گلبرگ پولیس پارٹی کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ فائر کی گئی گولی پہلے مکان کے مرکزی دروازے کو چیرتی ہوئی کمرے کے دروازے سے گزرتے ہوئے بچے کے کندھے میں لگی جو موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

ترجمان کے مطابق گلبرگ پولیس کی جانب سے موقع پر موجود افراد سے معلومات حاصل کرنے پر انکشاف ہوا کہ گجر نالہ کے دوسری جانب جو حیدری مارکیٹ تھانے کی حدود میں آتا ہے وہاں پر کراچی بچاؤ آفس میں میوزک بجانے کے دوران فائرنگ کی گئی تھی جبکہ مذکورہ آفس عارف شاہ نامی شخص چلاتا ہے جو محتسب کے دفتر میں ملازم ہے۔

 ترجمان کے مطابق واقعے کے بعد قریبی پانی کی دکان کے مالک اعجاز نے عارف شاہ کو اطلاع دی کہ فائرنگ سے ایک بچہ جاں بحق ہوگیا ہے جس پر عارف شاہ ، زہیر اور 2 نامعلوم افراد نے دفتر بند کیا اور موقع سے فرار ہوگئے، تاہم گلبرگ پولیس نے دکاندار اعجاز کو حراست میں لیکر اس کی نشاندہی پر فائرنگ کرنے والے ملزم عارف شاہ کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا، پولیس نے اعجاز کو ملزمان کی مدد اور فراری میں معاونت کے الزام میں بھی گرفتار کرلیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی تلاش اور گرفتاری کے لیے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

واقعے کے بعد جائے وقوعہ سے کرائم سین یونٹ کو بھی طلب کر کے شواہد حاصل کیے گئے ہیں اور اس حوالے سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔

Similar Posts