انوشکا شرما سات سال بعد اسکرین پر واپسی کیلئے تیار

بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما تقریباً سات سال بعد ایک بار پھر اسکرین پر واپسی کرنے جارہی ہیں، تاہم اس بار ان کی نئی فلم سینما گھروں کے بجائے نیٹ فلیکس پر ریلیز ہوگی۔

شوبز ویب سائٹ کے مطابق انوشکا شرما کی اسپورٹس بائیوگرافیکل فلم “چکڑا ایکسپریس” جلد نیٹ فلیکس پر ریلیز کی جائے گی۔

فلم کی شوٹنگ کافی عرصہ قبل مکمل ہو چکی تھی، مگر پوسٹ پروڈکشن کے مرحلے میں نیٹ فلیکس اور پروڈکشن کمپنی کے درمیان کچھ اختلافات کے باعث اس کی ریلیز مؤخر ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق نیٹ فلیکس کو فلم کے اختتامی حصے پر کچھ اعتراضات تھے، تاہم اب دونوں فریقین کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں اور فلم جلد ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

اس فلم میں انوشکا شرما بھارتی خاتون کرکٹر جھلن گوسوامی کا کردار نبھا رہی ہیں، جو 2002 سے 2022 تک بھارتی ٹیم کا حصہ رہیں۔ جھلن کا تعلق مغربی بنگال کے ایک چھوٹے قصبے ’چکڑا‘ سے ہے، اسی مناسبت سے فلم کا نام بھی رکھا گیا ہے۔

یاد رہے کہ فلم کی ریلیز 2024 میں متوقع تھی لیکن نیٹ فلیکس اور پروڈکشن کمپنی کے اختلافات کے باعث اسے تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔

Similar Posts