ترک میڈیا کے مطابق آگ ہفتے کی صبح تقریباً 9 بجے لگی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کی دو منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ لگنے کے بعد فائر بریگیڈ، ریسکیو ٹیمیں اور میونسپل عملہ فوری طور پر موقع پر پہنچا اور کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔
صوبہ کوجائیلی کے گورنر الہامی آکتاش نے بتایا کہ بدقسمتی سے 6 شہری جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ دیگر چار زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور ان کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔
آگ کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ترک نشریاتی ادارے ’این ٹی وی‘ کی فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ گودام کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہے۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ پہلے دھماکے کی آواز سنائی دی، جس کے بعد پورا علاقہ آگ کی لپیٹ میں آ گیا۔
دیلوواسی، استنبول سے تقریباً 70 کلومیٹر دور واقع ایک صنعتی شہر ہے جہاں درجنوں فیکٹریاں اور گودام قائم ہیں۔