آمنہ ملک نے جنات سے اپنی گمشدہ چیزیں کیسے واپس منگوائیں؟ اداکارہ نے دلچسپ واقعہ سنادیا

معروف میزبان اور اداکارہ آمنہ ملک نے جنات سے اپنی گمشدہ چیزیں واپس منگوانے کا دلچسپ واقعہ سنادیا۔

تابش ہاشمی کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں گفتگو کے دوران آمنہ ملک کا کہنا تھا کہ ایک بار گھر میں انکے پیسے اور چیزیں گم ہونے لگیں، مجھے کسی نے مشورہ دیا کہ ایسا تب ہوتا ہے جب گھر میں جنات موجود ہوں، اُن سے بات کرو تو وہ چیزیں واپس چھوڑ جاتے ہیں۔

آمنہ ملک کے مطابق انہوں نے ایسا ہی کیا اور جنات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ جو بھی ہیں برائے مہربانی میری چیزیں واپس کردیں جس کے بعد شام تک مجھے میرے گمشدہ پیسے واپس مل گئے، اب جب بھی میری کوئی چیز گم ہوتی ہے تو میں اسی طرح جن سے بات کرتی ہوں اور میری چیز مجھے واپس مل جاتی ہے۔ 

جوائنٹ فیملی سسٹم کی مخالفت کرتے ہوئے آمنہ ملک نے کہا کہ ایک گھر میں دو ملکائیں نہیں رہ سکتیں، جب بھائی بہن بچوں کے والدین بن جائیں اور خاندان بڑھ جائے تو زیادہ جگہ کی ضرورت ہوتی ہے، اس کے ساتھ رہنا مشکل ہو جاتا ہے۔ نہ صرف بہو بیٹیاں آپس میں لڑتی ہیں بلکہ بھائی بہن بھی اختلافات شروع کر دیتے ہیں۔ اس لیے ایک حد تک فاصلے کو برقرار رکھنا ضروری ہے تاکہ محبت برقرار رہے۔

انہوں نے بتایا کہ چونکہ ان کے والد پاک فوج میں تھے، اس لیے ڈسپلن ان کی زندگی کا حصہ رہا لیکن وہ خود کو ہمیشہ ایک “ٹام بوائے” سمجھتی رہی ہیں۔ ان کے مطابق ٹام بوائے ہونا صرف اس بات کی علامت ہے کہ کوئی لڑکی بہادر ہو اور ناانصافی یا بدتمیزی برداشت نہ کرے۔ انہوں نے ایک واقعہ بھی سنایا جب ایک مسافر نے دورانِ پرواز ایئر ہوسٹس سے بدتمیزی کی تو انہوں نے آگے بڑھ کر مداخلت کی اور معاملہ حل کروایا۔

انہوں نے ایک اور دلچسپ واقعہ سناتے ہوئے بتایا کہ ایک بار انکے گھر پر کھٹمل ہوگئے تھے جس سے وہ بہت پریشان تھیں، اُنہیں ایک ماسی نے مشورہ دیا کہ دو تین کھٹملوں کو پکڑ کر گوشت کی دکان پر لیجائیں اور وہاں انہیں چھوڑ دیں اور اُن سے کہیں کہ اب ہمارے گھر نہیں آْنا یہی تمہارا گھر ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب میں نے ایسا کیا تو گوشت والا بھی پریشان ہوگیا اور سمجھا شاید میں کوئی جادو ٹونا کرنے آئی ہوں، لیکن میں اس کو سچ بھی نہیں بتا سکتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اسکے باوجود بھی کھٹمل ان کے گھر میں موجود رہے۔

انہوں نے بچپن کا واقعہ سناتے ہوئے کہا کہ میرے ٹیوشن ٹیچر بہت بے چارے اور معصوم تھے، میں اُن سے پڑھنے کے بجائے کہتی تھی کہ مجھے گانے سنائیں، وہ مجھے نور جہاں کے گانے سناتے تب میں اپنا ہوم ورک کرتی تھی۔ شو کے دوران انہوں نے نُورجہاں کا مشہور گانا “کہندے نے نیناں تیرے کول رہنا” بھی گنگنایا جس پر ناظرین نے خوب داد دی۔

Similar Posts