امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ 27 ویں ترمیم کی جو تفصیلات سامنے آرہی ہیں وہ ہولناک ہیں، اپوزیشن کو اسے کلیتاً مسترد کرنا چاہئے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ صدر پاکستان کے لیے تاحیات استثنا دینی، آئینی، جمہوری، سماجی و سیاسی ہر اعتبار سے غلط اور شرمناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ 27 ویں ترمیم نظام انصاف پر شب خون مارنے کے مترادف ہے۔ پی ڈی ایم اور پیپلزپارٹی کی جمہوریت کیا کیا گُل کِھلائے گی؟۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ وصیت، وراثت اور وڈیرہ شاہی پر پارٹی چلانے سے لے کر ممبران پارلیمنٹ کی خرید و فروخت، میئر شپ پر قبضے اور فارم 47 کے ذریعے سیاست کو آگے بڑھانے والے عوام کے بعد اب عدالتوں کو بھی جوابدہ نہیں رہنا چاہتے۔