ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی اور گرد نواح میں برائلر مرغی کی قیمتوں میں نمایاں کمی رھی تاہم ہفتے کے اختتام پر زندہ مرغی اور اسکے گوشت میں اصافہ دیکھنے میں آیا۔
اوپن مارکیٹ میں زندہ برائلر مرغی 365 سے 380 روپے فی کلو تک فروخت ہورہی ہے جبکہ سرکاری ریٹ لسٹ میں قیمت 348 روپے مقرر ہے۔
اسی طرح، برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت اوپن مارکیٹ میں کسی جگہ 550 اور کسی جگہ 580 سے 600 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے جبکہ سرکاری ریٹ لسٹ میں برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت 504 روپے فی کلو مقرر ہے۔
مارکیٹ میں کہیں بھی سرکاری نرخ کے مطابق مرغی دستیاب نہیں،جس کے باعث عوام شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ چند روز قبل مرغی اور اس کا گوشت کچھ سستا تھا،لیکن اب قیمتیں بڑھ گئی ہیں مرغی و مرغی ہے گوشت کی قیمتوں میں اضافے سے مٹن اور بیف خریدنے کی سکت نہ رکھنے والے افراد کے لیے برائلر مرغی بھی پہنچ سے باہر ہو گئی ہے۔
دوسری جانب دکانداروں کا مؤقف ہے کہ مرغی کی منڈی آج بہت تیز رہی، جس کے باعث ریٹ بڑھ گئے۔ ریٹ ڈیمانڈ اینڈ سپلائی کی بنیاد پر فارمز سے طے کیے جاتے ہیں،جبکہ تھوک و پرچون فروش اس میں دس سے پندرہ روپے فی کلو اضافہ کر کے فروخت کرتے ہیں۔
شہریوں نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ برائلر مرغی غریب آدمی کے لیے کچھ سستی غذاء کا زریعہ ہے اس کی قیمتوں میں توازن کو برقرار رکھا جائے تاکہ مٹن یا بیف کھانے کی سکت نہ رکھنے والے برائلر مرغی کے گوشت کے زریعے اس کمی کو پورا کرسکیں۔