سود و بھتہ خوروں سے دل برداشتہ خاتون کی موت، انصاف نہ ملنے پر شوہر نے خودکشی کرلی

سود و مبینہ بھتہ خوروں سے دل برداشتہ خاتون کی پراسرار موت کے بعد انصاف نہ ملنے پر شوہر نے بھی خودکشی کرلی، اہل خانہ نے لاش کے ساتھ ایس پی کے دفتر پر احتجاج کیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ گوجرخان کے علاقے میں سود و مبینہ بھتہ خوروں سے دل برداشتہ ہوکر خاتون نے خودکشی کرلی تھی اور شوہر کے لیے ویڈیو پیغام موبائل میں ریکارڈ کردیے تھے، پولیس معاملے کی تفتیش کررہی تھی۔

یہ پڑھیں : راولپنڈی میں سود خوروں کی شادی شدہ خاتون سے متعدد بار زیادتی، کروڑوں ہتھیائے اور زہر دے کر مار ڈالا

آج خاتون کے شوہر شیراز آفتاب نے بھی خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ لواحقین نے لاش لے جا کر ایس پی گوجرخان کے دفتر کے باہر شدید احتجاج کیا۔

مبینہ خودکشی کرنے والے شیراز آفتاب کے والد نے پولیس پر سنگین الزامات عائد کر دیئے، شیراز کے والد نے کہا کہ میرے بیٹے کا قاتل پولیس آفیسر ہے، وہ ملزم کو کرسی پر بٹھا کر اور میرا بیٹا جو مدعی ہے اسے کھڑا کرکے بیان لیتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ میرا بیٹا گھر آیا تو رو پڑا بددل ہوکر کہنے لگا کہ ابو مجھے پتا چل گیا ہے کہ  انصاف نہیں ملے گا۔ بعدازاں ایس پی صدر انعم شیر مظاہرین سے مذاکرات کے لیے دھرنے میں پہنچے۔

Similar Posts