کرکٹ آسٹریلیا نےمیچ کے لیے ابھی سے تیاریاں شروع کردیں ہیں۔ میزبان کرکٹ بورڈ نے تاریخی میچ میں تماشائیوں کی بڑھتی ہوئی مانگ کے سبب پہلی مرتبہ ٹکٹوں کی قرع اندازی کا فیصلہ کیا ہے۔ مزید برآں بورڈ نےآسٹریلیا کے سابق ٹیسٹ کپتان اور اپنے دور کے معروف بلےباز گریک چیپل انگلینڈ کے سابق ٹیسٹ کپتان سیر آئن بوتھم کے ہمراہ میچ کی تفصیلات بیان کرنے کے لیےمشترکہ میڈیا بریفنگ کا اہتمام کیا ہے۔
واضح رہے کہ تاریخ کا پہلا ٹیسٹ میچ انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان میلبرن کرکٹ گراؤنڈ پر1877 میں 15 سے 19 مارچ کھیلا گیا تھا۔چار روزہ میچ میں آسٹریلیا کی قیادت ڈیو گریگوری نے کی تھی جبکہ انگلینڈ کے کپتان جیمز للیوائٹ جونیئر تھے۔کھیل کا ایک دن بارش کی نظر ہو جانے کے باوجود ٹیسٹ کرکٹ کا یہ تاریخی میچ آسٹریلیا نے 45 رنز سے اپنے نام کیا تھا۔ آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگزمیں 245 رنز اسکور کیے تھے، چارلس بینرمین نے ناقابل 165 رنز بنا کر ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی سنچری بھی بنانے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
جواب میں انگلینڈ کی ٹیم 196 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔ہیری جپ نے 63 رنز کے ساتھ مزاحمت کی تھی۔آسٹریلیا دوسری باری میں104 رنز ہی جوڑ سکا تھا۔ تاہم، انگلینڈ کی ٹیم کامیابی کے لیے ملنے والے 154 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 108 رنز بناپائی تھی۔ اس میچ نے ایشز سیریز کی بنیاد بھی رکھی لیکن ایشز کا تصور 1882 میں وجود میں آچکا تھا۔