کرسٹیانو رونالڈو کب ریٹائر ہورہے ہیں؟

پرتگال کے لیجنڈری فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے اعلان کیا ہے کہ وہ 2026 میں ہونے والا فیفا ورلڈ کپ ان کے شاندار کیریئر کا آخری ورلڈ کپ ہوگا۔

سی این این کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کرسٹیانو رونالڈو نے بتایا کہ ’آنے والے ورلڈکپ میں وہ 41 سال کے ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ’میرا خیال ہے کہ یہ میرے بین الاقوامی کیرئیر کا اختتام ہوگا۔‘

کرسٹیانو رونالڈو نے یہ گفتگو سی این این کی میزبان بیکی اینڈرسن کے ساتھ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہونے والے ٹورِزم سمٹ کے دوران کی۔

رونالڈو نے اپنی ممکنہ ریٹائرمنٹ کے حتمی وقت کے بارے میں سوال پر کہا کہ ’میں موجودہ لمحات سے لطف اندوز ہو رہا ہوں لیکن جب میں کہتا ہوں ’جلد‘ تو اس کا مطلب ہے واقعی جلد۔ کیونکہ میں نے اپنی تمام توانائیاں فٹبال کے لیے صرف کر دی ہیں۔‘


AAJ News Whatsapp

رونالڈو نے کہا کہ وہ گزشتہ 25 برسوں سے فٹبال کا حصہ ہیں اور بے شمار ریکارڈز بنا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’میں نے جو کچھ کیا، اس سب پر فخر کرتا ہوں مگر اب میں دستیاب لمحات کو جینا چاہتا ہوں‘۔

کرسٹیانو رونالڈو کے نام بین الاقوامی سطح پر سب سے زیادہ 143 گول کا ریکارڈ ہے اور وہ پہلے کھلاڑی ہیں جنہوں نے پانچ ورلڈ کپ مقابلوں میں گول کیے۔

بلومبرگ بلینیئرز انڈیکس کے مطابق رواں سال کے آغاز میں رونالڈو فٹبال کی تاریخ کے پہلے ارب پتی کھلاڑی بن گئے تھے، یہ اعزاز انہیں سعودی کلب ’النصر‘ کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے بعد حاصل ہوا۔

انٹرویو میں رونالڈو نے اپنے بیٹے کرسٹیانو جونیئر کے بارے میں بھی گفتگو کی جو پرتگال کی انڈر 16 ٹیم کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’بطور انسان ہم نہیں چاہتے کہ کوئی ہم سے بہتر ہو لیکن میں چاہوں گا کہ میرا بیٹا مجھ سے بہتر کھلاڑی بنے، میں کبھی اس سے حسد نہیں کروں گا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’بطور والد میری خواہش ہے کہ میرا بیٹا خوش رہے اور اس پر میرے نام کا دباؤ نہ ہو۔ میں اس کی ہر ممکن مدد کے لیے ہمیشہ موجود رہوں گا۔‘

یاد رہے کہ 2026 کا فیفا ورلڈ کپ 11 جون سے امریکا، میکسیکو اور کینیڈا میں منعقد ہوگا جو تاریخ کا سب سے بڑا ورلڈ کپ ہوگا جس میں 48 ٹیمیں شریک ہوں گی۔

Similar Posts