ون ڈے سیریز اور سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے لیے پاکستان کے دورے پر موجود سری لنکن کرکٹ ٹیم نے دورہ ادھورا چھوڑ کر وطن واپسی کی درخواست کی، جس پر سری لنکن کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کو دورہ مکمل کرنے کی ہدایت کردی جب کہ دورہ ادھورا چھوڑنے و الےکھلاڑی پر 2 سال کی پابندی عائد کی جائے گی۔
پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سیکیورٹی خدشات کو دور کرنے کے لیے وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے سری لنکا کے ہائی کمشنر رئیر ایڈمرل (ر) فریڈ سینے ویراتنے نے ملاقات کی اور مکمل سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات میں سری لنکا کرکٹ ٹیم کو فراہم کردہ سیکیورٹی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، سری لنکا کے ہائی کمشنر نے کرکٹ ٹیم کے لیے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
سری لنکا کے ہائی کمشنر نے اسلام آباد میں دہشت گرد حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے کہاکہ سری لنکا کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ہمارے اسٹيٹ گیسٹ ہیں، فول پروف سیکیورٹی کے لیے تمام ضروری اقدامات کو یقینی بنایا گیا ہے، مہمان کھلاڑیوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
دوسری جانب سری لنکن کرکٹ ٹیم نے دورہ پاکستان ادھورا چھوڑ کر وطن واپسی کی درخواست کردی۔ سری لنکن کرکٹ ٹیم کے مینجرکا کہنا ہے کہ دورہ پاکستان پر موجود سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی دورہ ادھورا چھوڑ کر واپس جانا چاہتے ہيں، کھلاڑی دورہ پاکستان جاری نہیں رکھناچاہتے۔
سیکیورٹی کی مکمل یقین دہانی کے بعد سری لنکن کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کو دورہ مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔ سری لنکن بورڈ کے ذرائع کے مطابق دورہ ادھورا چھوڑنے والےکھلاڑی پر 2 سال کی پابندی عائد کی جائے گی۔
ادھر سری لنکن ٹیم کی واپس روانگی کے معاملے پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سری لنکن کھلاڑیوں سے ملاقات کی ہے، اس ملاقات میں آئی جی اسلام آباد اور چیف کمشنر بھی وزیر داخلہ کے ہمراہ موجود ہیں۔
اس سے قبل سری لنکن کرکٹ ٹیم نے آج کا پریکٹس سیشن منسوخ کر دیا تھا، پاکستان ٹیم نے آج آرام کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد سری لنکا کرکٹ ٹیم نےبھی شام میں شیڈول پریکٹس سیشن منسوخ کردیا تھا۔
خیال رہے کہ سری لنکا کو پاکستان کے خلاف سیریز کے بقیہ 2 ون ڈے میچز اور پھر پاکستان میں سہ ملکی سیریز کھیلنی ہے۔
پاکستان اور سری لنکا کے در میان 3 میچوں کی سیریز کا دوسرا و ن ڈے جمعرات کو راولپنڈی میں کھیلاجائےگا، جس کے بعد پاکستان ، سری لنکا اور زمبابوے کی ٹیموں کے درمیان ٹرائی سیریز بھی شیڈول ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کے علاقے جی الیون میں کچہری کے باہر پولیس کی گاڑی پر خُودکش دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد شہید اور 36 زخمی ہوگئے تھے، یہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا تھا، جب راولپنڈی میں گرین شرٹس اور سری لنکا کے درمیان کرکٹ میچ بھی جاری تھا۔
