پی ٹی آئی رہنما اسد قیصرنےعلی امین گنڈا پور کے بیانات پر تحقیقات کا مطالبہ کر دیا

0 minutes, 0 seconds Read

پی ٹی آئی رہنما اسد قیصرنےعلی امین گنڈا پور کے بیانات پر تحقیقات کا مطالبہ کر دیا، انھوں نے کہا کہ مرکزی قیادت وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کے حالیہ بیان کی مکمل تحقیقات کرے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پاکستان تحریکِ انصاف کے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ ہم وزیرِ اعلیٰ کے بیان کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں، موجودہ حالات میں ایسی باتوں سے گریز کرنا، ملک اور بانی چیئرمین کے لئے، ضروری سمجھتے ہیں۔

اسد قیصر نے کہا کہ اس وقت ہماری ساری توجہ بانی اور دیگر بے گناہ قیدیوں کی رہائی پر مرکوز ہونی چاہیے۔ غیر ضروری بیانات کے ذریعے پارٹی کے اندرونی معاملات کو ہوا دے کر بانی کی رہائی کی جدوجہد کو کمزورنہیں کرنا چاہئے۔

اسد قیصر کا مذید کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ کو چاہیے کہ وہ اپنی تمام تر توانائیاں صوبے میں بہتر گورننس پر دیں، علی امین گندا پور امن و امان کی بحالی اور بانی و دیگر بے گناہ اسیران کی رہائی کی جدوجہد پر مرکوز رکھیں۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف خیبرپختونخوا میں رہنماؤں کے درمیان الفاظ کی جنگ شدت پکڑ گئی۔ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے دعویٰ کیا شہرام ترکئی، عاطف خان اور اسد قیصر کو خود بانی پی ٹی آئی نے صوبائی اسمبلی کا ٹکٹ نہیں دیا۔

علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ بانی نے پیغام دیا تھا تینوں سازشی ہیں، بعد میں سازش کریں گے، مجھے اس وقت بھی یقین تھا کہ میں وزیراعلیٰ بنوں گا۔

ادھر گنڈا پور کے انٹرویو پر پی ٹی آئی رہنما شہرام ترکئی نے رد عمل میں کہا کہ پی ٹی آئی قیادت کو ہم پر الزامات کی تحقیقات کرنی چاہیے، معاملے پر بانی چیئرمین کا موقف بھی جاننا چاہیں گے۔

شہرام ترکئی کا کہنا تھا کہ جواب دینے کا حق رکھتے ہیں، مناسب وقت پر جواب دیں گے، یہ وقت تنازعات میں الجھنے کا نہیں، توجہ بانی کی رہائی پر ہونی چاہیے۔

Similar Posts