ایلون مسک کی عمران خان کے حق میں ٹوئٹ، ماجرا کیا؟

0 minutes, 0 seconds Read

امریکی ارب پتی ایلون مسک کی سابق وزیراعظم پاکستان و بانی پی ٹی آئی عمران خان کے حق میں پوسٹ نے تہلکہ مچادیا۔

دراصل ایلون مسک نے ”فریڈم آن لائن“ کے ڈائریکٹر مائیک بینز کی ایک ٹوئٹ کو ری پوسٹ کرتے ہوئے سیاسی مخالفین کو دبانے کے لیے عدالتی نظام کے ممکنہ غلط استعمال پر خدشات کا اظہار کیا تھا۔

مائیک بینز نے اپنی پوسٹ میں دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والی چند نمایاں سیاسی شخصیات بشمول میرین لی پین (فرانس)، جائر بولسونارو (برازیل)، عمران خان (پاکستان)، ماتیو سالوینی (اٹلی)، ڈونلڈ ٹرمپ (امریکا) اور کالن جارجیسکو (رومانیہ) کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ تمام مقبول رہنما سیاسی عناد کی بنیاد پر فوجداری مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ ہر مقبول عوامی رہنما کے خلاف مجرمانہ مقدمات جمہوریت کی ساکھ پر ایک کاری ضرب ہیں۔

مائیک بینز کے اِس پوسٹ کو ری پوسٹ کرتے ہوئے ایلون مسک نے لکھا کہ ’جب انتہاپسند بائیں بازو کے لوگ جمہوری ووٹوں سے کامیاب نہیں ہو پاتے، تو وہ اپنے مخالفین کو جیل میں ڈالنے کے لیے قانونی نظام کا غلط استعمال کرتے ہیں، یہ ان کا پوری دنیا میں آزمودہ حربہ ہے۔

ایلون مسک نے مائیک بینز کی رائے سے اتفاق کرتے ہوئے بظاہر عمران خان کا باقاعدہ نام تو نہیں لیا لیکن عمران خان کے حامی اور پی ٹی آئی کارکنان ایلون مسک کی اِس پوسٹ کو عمران خان کی حمایت کے مترادف گردانتے ہوئے دھڑا دھڑ شیئر کررہے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما و معروف گلوکار سلمان احمد نے ایلون مسک کی اس پوسٹ کو ری پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’اس اہم نکتے کو اٹھانے کا شکریہ ایلون مسک! عمران خان کو جیل میں 600 دن سے زیادہ دن کا عرصہ گزر چکا ہے، انہیں ٹارچر سیل میں قید رکھا گیا ہے، انہیں اپنے دونوں بیٹوں سے بات کرنے کی اجازت نہیں ہے، عید پر بہنوں سے ملنے سے روک دیا گیا ہے، اور عید کی نماز بھی پڑھنے نہیں دی گئی۔

پی ٹی آئی پنجاب کے آفیشل فیس بک اکاؤنٹ سے بھی ایلون مسک کی مذکورہ پوسٹ کو شیئر کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل امریکا کے سابق ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایڈوائزر رچرڈ گرینیل بھی عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کر چکے ہیں۔

نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سابق انٹیلیجنس چیف اور خارجہ پالیسی کے ماہر رچرڈ گرینل کو خصوصی مشنز کا صدارتی ایلچی مقرر کیا ہے۔

اس نامزدگی سے پاکستان میں اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیر اعظم عمران خان کے حامیوں نے امیدیں وابستہ کر لی ہیں کیونکہ حال ہی میں رچرڈ گرینل متعدد بار اپنے ایکس اکاؤنٹ پر عمران خان کی رہائی کا مطالبہ دہرا چکے ہیں۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان ڈیڑھ برس سے زائد عرصے سے اڈیالہ جیل میں قید ہیں، انہیں 5 اگست 2023 کو توشہ خانے سے حاصل کردہ تحائف اپنے ٹیکس گوشواروں میں ظاہر نہ کرنے پر جیل بھیجا گیا تھا۔

Similar Posts