دونوں بہنوں کی عمر میں 10 ماہ کا فرق کیوں؟ حکام کے مذاق اڑانے اور شناختی کارڈ نہ بنانے پر متاثرہ خاتون عدالت پہنچ گئی۔
نادرا حکام نے بہنوں کی عمر میں 10 ماہ کے فرق کی و جہ سے خاتون کا شناختی کارڈ بنانے سے انکار کردیا، جس پر متاثرہ خاتون نادرا کے خلاف بچوں کے ہمراہ عدالت پہنچ گئیں۔
درخواست گزار صبا عدنان نے عثمان فاروق ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر درخواست میں مؤقف اپنایا کہ گزشتہ 11 سال سے نادرا دفتر کے چکر لگا رہی ہوں۔ نادرا والے میرا مذاق اڑاتے ہیں۔
وکیل کے ذریعے خاتون نے بتایا کہ میرے والدین اور بہنوں کے شناختی کارڈ بھی بنے ہوئے ہیں۔ مجھ سے چھوٹی بہن کا بھی کارڈ بن گیا ہے۔ سوال پوچھا جاتا ہے کہ دونوں بہنوں کی عمر میں 10 ماہ کا فرق کیوں ہے۔
درخواستگزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے کہا کہ نادرا رولز کے مطابق 7 ماہ عمر میں فرق پر بھی کارڈ بن سکتا ہے۔