غیرملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سویڈن کی پولیس نے بتایا کہ اسٹاک ہوم کے وسطی علاقے میں بس اسٹاپ سے ایک بس ٹکرائی اور اس کے نتیجے میں ہلاکتیں ہوئیں تاہم یہ حملہ ہے یا حادثہ، واضح نہیں ہے۔
اسٹاک ہوم ریسکیو سروس کے ترجمان نے ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد بتائے بغیر کہا کہ حادثے میں 6 افراد نشانہ بنے ہیں اور حادثے کے وقت بس پر کوئی مسافر سوار نہیں تھا۔
پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ تفتیش کی جا رہی ہے کہ کیا یہ ہلاکتیں غیرارادی طور پر ہوئی ہیں یا کوئی حملہ تھا، بس ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا ہے لیکن اس طرح کے حادثات میں یہ معمول کی بات ہے تاہم حملے کے حوالے سے کوئی نشان دہی نہیں کی گئی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ حادثے میں ہلاک اور زخمی ہونے والی تعداد اور عمر کے حوالے سے کچھ نہیں بتائیں گے جبکہ پولیس اور ریسکیو سروس کی ٹیمیں جائے حادثہ پر کام کر رہی ہیں۔
حادثے کے حوالے سے پولیس نے مزید بتایا کہ بس کا حادثہ رائل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے قریب پیش آیا ہے۔
سویڈن کے وزیراعظم اولف کرسٹیرسون نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان میں کہا کہ ہم حادثے کی وجہ نہیں جانتے ہیں لیکن اس وقت ہماری تمام تر ہمدردیاں متاثرہ افراد اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔