فٹبال کی دنیا کے لیجنڈ کرسٹیانو رونالڈو پر 2026 ورلڈ کپ کے ابتدائی میچ سے محروم ہونے کا خطرہ منڈلانے لگا ہے۔ پرتگال اور آئرلینڈ کے درمیان ورلڈ کپ کوالیفائر میچ میں رونالڈو کو اپنے بین الاقوامی کیریئر میں پہلی بار ریڈ کارڈ دکھایا گیا، جس کے بعد انہیں سخت سزا کا سامنا ہے۔
پرتگال کو آئرلینڈ کے ہاتھوں 0-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ میچ کے 61ویں منٹ میں رونالڈو نے آئرلینڈ کے ڈیفنڈر ڈارا او شییا کو کہنی مارنے کی کوشش کی جس پر پہلے انہیں پیلا کارڈ ملا، مگر وی اے آر کی مداخلت پر ریفری نے فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے اسے ریڈ کارڈ میں بدل دیا۔
یہ رونالڈو کے کیریئر کا پہلا بین الاقوامی ریڈ کارڈ تھا۔ وہ اپنے ملک کی جانب سے 226 میچ کھیل چکے ہیں، جو مردوں کے بین الاقوامی فٹبال میں سب سے زیادہ ہے۔ البتہ کلب کی سطح پر انہیں 13 مرتبہ ریڈ کارڈ مل چکا ہے۔
رونالڈو اب لازمی ایک میچ کی پابندی کا سامنا کریں گے، جو آرمینیا کے خلاف کوالیفائر ہوگا۔ پرتگال یہ میچ جیت کر ورلڈ کپ 2026 کے لیے براہ راست کوالیفائی کر سکتا ہے۔ تاہم فیفا قوانین کے مطابق پرتشدد رویے پر کم از کم تین میچوں کی پابندی بھی لگ سکتی ہے، جس سے رونالڈو ورلڈ کپ کے ابتدائی ایک یا دو میچوں سے باہر ہو سکتے ہیں۔
فیفا نے تاحال کیس کا فیصلہ سنانے کا ٹائم فریم نہیں دیا، لیکن دنیا بھر کے فٹبال شائقین رونالڈو کے مستقبل کو لے کر فکر مند ہیں۔
ادھر پرتگال کے کوچ روبرٹو مارٹینیز نے رونالڈو کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ریڈ کارڈ زیادتی تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ”رونالڈو 226 میچوں میں کبھی نہیں نکالے گئے، وہ ٹیم کے لیے لڑ رہے تھے۔ انہیں مسلسل دھکیلا جا رہا تھا، ویڈیو میں حرکت بدتر لگتی ہے، اصل میں اتنی سنگین نہیں تھی۔“
آئرش شائقین پورے میچ کے دوران رونالڈو پر سیٹیاں بجاتے رہے، اور جب انہیں ریڈ کارڈ ملا تو وہ طنزیہ انداز میں مسکرا کر دونوں انگوٹھے اوپر کر کے میدان سے باہر گئے۔ آئرلینڈ کے کوچ نے بتایا کہ رونالڈو نے طنزیہ طور پر کہا کہ ”آپ نے ریفری پر دباؤ ڈال کر اچھا کیا“۔
پرتگال کو امید تھی کہ وہ یہ میچ جیت کر ورلڈ کپ میں جگہ پکی کر لے گا، مگر آئرلینڈ نے ٹرائے پیریٹ کے دو گولز کی بدولت حیران کن اپ سیٹ کر دیا۔
اب پرتگال کی نظریں آرمینیا کے خلاف اگلے میچ پر ہیں۔ اگر ٹیم جیت جاتی ہے تو یہ رونالڈو کے کیریئر کا چھٹا ورلڈ کپ ہوگا—بشرطِ یہ کہ فیفا انہیں طویل پابندی نہ لگا دے۔
