ارجنٹائن کے صنعتی علاقے میں زوردار دھماکا، فیکٹریاں تباہ، ویڈیو وائرل

ارجنٹائن کے شہر ایزیزا کے صنعتی علاقے میں اچانک زوردار دھماکے نے خوف و ہراس پھیلا دیا، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئیں۔ دھماکے کے بعد لگنے والی آگ نے متعدد فیکٹریوں کو گھیر لیا، جبکہ قریبی گھروں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ حکام کے مطابق طیارہ گرنے کے امکان کی تحقیقات جاری ہیں۔

ارجنٹائن کے شہر ایزیزا کے اسپیگزینی انڈسٹریل پارک میں بدھ کے روز ایک زوردار دھماکا ہوا جس نے پورے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا۔ دھماکے کی ویڈیوز مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہو رہی ہیں، جن میں دھوئیں اور آگ کے بڑے شعلے صاف نظر آتے ہیں۔

ایزیزا کے میئر کے مطابق دھماکا اسپیگزینی انڈسٹریل پارک کے اندر ہوا، جس کے نتیجے میں کئی فیکٹریاں متاثر ہوئیں۔ دھماکے کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ قریبی گھروں کی کھڑکیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔


AAJ News Whatsapp

حکام کے مطابق دھماکے کے فوراً بعد علاقے میں آگ کے بڑے اور بلند شعلے دیکھے گئے، جبکہ مختلف فیکٹریوں میں لگی آگ انتہائی شدید نوعیت کی بتائی جا رہی ہے۔

علاقے کے رہائشیوں نے بتایا کہ انہوں نے دھماکے سے کچھ لمحے قبل آسمان سے کوئی چیز گرتے ہوئے دیکھی۔ اس بیان کے بعد واقعے کی نوعیت سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں سامنے آ رہی ہیں۔

میئر ایزیزا نے بتایا کہ حکام اس امکان کی بھی تحقیقات کر رہے ہیں کہ شاید کوئی چھوٹا طیارہ صنعتی علاقے میں گر کر تباہ ہوا ہو۔ تاہم آگ پر مکمل قابو پانے سے قبل نہ تو کسی طیارے کے گرنے کی تصدیق کی گئی ہے اور نہ ہی تردید۔

فائر فائٹرز بڑی تعداد میں موقع پر موجود ہیں اور آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں۔ واقعے میں کسی جانی نقصان کی فوری اطلاع سامنے نہیں آئی۔

Similar Posts