اسلامی یکجہتی گیمز: پاکستان کو پہلا گولڈ میڈل ملنے کی توقع

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں جاری چھٹے اسلامی یکجہتی گیمز میں پاکستان کو پہلا گولڈ میڈل ملنے کی توقع ہے۔

اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم پیر کو ایکشن میں ہوں گے، ان کے ہمراہ دوسرے قومی ایتھلیٹ یاسر سلطان بھی جیولین تھرو ایونٹ میں قسمت آزمائی کریں گے۔

قوی امکان ہے کہ اولمپیئن ارشد ندیم پہلی پوزیشن حاصل کر کے پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب رہیں گے جبکہ یاسر سلطان سے بھی اچھی توقعات وابستہ ہیں۔

دونوں قومی ایتھلیٹس اپنے کوچ سلمان بٹ کے ہمراہ پاکستان سے سعودی عرب پہنچ چکے ہیں اور ایونٹ میں شرکت کی بھرپور تیاریاں کر رہے ہیں۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ ریاض میں جاری چھٹے اسلامی یکجہتی گیمز میں پاکستان اب تک 2 میڈلز اپنے نام کر چکا ہے۔

فاطمہ زہرا نے خواتین باکسنگ کی 60 کلو گرام کیٹیگری میں سیمی فائنل کھیل کر برانز میڈل حاصل کیا جبکہ مردوں کی باکسنگ میں 55 کلوگرام کے ایونٹ میں قدرت اللہ برانز میڈل حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

پاکستان کی عروشہ سعید نے نمائشی کھیل کرش میں برانز میڈل جیتا مگر یہ ریکارڈ کا حصہ نہیں ہوگا۔

واضح رہے کہ 7 نومبر سے شروع ہونے والے چھٹے اسلامی یکجہتی گیمز 21 نومبر تک ریاض میں جاری رہیں گے۔

Similar Posts