میجر واصف حسین شاہ شہید کی 11ویں اور میجر محمد حسیب شہید اور حوالدار نور احمد شہید کی پہلی برسی کے موقع پر قوم نے شہداء کے بلند حوصلے، شجاعت اور عزم کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔
میجر واصف حسین شاہ شہید نے 15 نومبر 2014ء کو آپریشن ضربِ عضب کے دوران دشمن کے خلاف دلیری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ ان کی غیر معمولی بہادری کے اعتراف میں انہیں ستارۂ بسالت سے نوازا گیا۔
اسی جذبۂ شہادت کی روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے میجر محمد حسیب شہید اور حوالدار نور احمد شہید نے 14 نومبر 2024ء کو بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن میں جرات و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جانیں وطن پر نچھاور کر دیں۔
قوم کے ہر فرد نے شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ عظیم سپوت پاکستان کا فخر ہیں۔ شہداء کی بے مثال قربانیاں اور ثابت قدمی وطنِ عزیز کی تاریخ کا روشن باب اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
قوم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہداء کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی اور پاکستان کی سرزمین کے تحفظ کے لیے ان کا حوصلہ، ان کی بہادری اور ان کا جذبہ ہمیشہ دلوں میں زندہ رہے گا۔