پاکستانی ریپر طلحہ انجم نے نیپال میں کنسرٹ کے دوران بھارتی پرچم لہرادیا‏

پاکستان کے معروف ریپر طلحہ انجم اور طلحہ یونس نیپال میں ہونے والے اپنے حالیہ کنسرٹ کے باعث سوشل میڈیا پر موضوعِ گفتگو بن گئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق، کنسرٹ کے دوران طلحہ انجم نے خیر سگالی اور دوستی کے اظہار کے طور پر بھارتی پرچم لہرایا جبکہ ان کے ساتھ اسٹیج پر موجود طلحہ یونس نے نیپالی پرچم اٹھا کر مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔

کنسرٹ میں موجود مداحوں نے اس لمحے کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ اقدام مختلف ممالک سے آئے ہوئے سامعین کے احترام اور امن دوستی کے پیغام کے طور پر کیا گیا۔

تاہم پاکستان میں سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد حیران نظر آئی اور کئی لوگوں نے اس حرکت پر بحث چھیڑ دی۔

کچھ نے اسے ایک مثبت، جرات مندانہ عمل کہا تو کچھ نے اسے غیر ضروری اور غیر محتاط فیصلہ قرار دیا۔

طلحہ یونس کے نیپالی پرچم لہرانے پر مقامی مداحوں نے جوش سے ردعمل دیا اور ان کے نیپال آنے کا شکریہ ادا کیا۔

دونوں فنکاروں کی پرفارمنس سے اسٹیج پر زبردست ہلہ گلہ رہا اور شو بھرپور کامیاب رہا۔

تاہم اس واقعے کے بعد پاکستان اور بھارت دونوں جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آرہا ہے جبکہ نیپال کے مداح اس پورے لمحے کو “ایک خوبصورت پیغام” قرار دے رہے ہیں۔

اب تک دونوں فنکاروں کی جانب سے کوئی باضابطہ وضاحت یا بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

Similar Posts