شرکاء نے مادرِ وطن پر جان نچھاور کرنے والے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ گاؤں سگھر کو شہداء اور غازیوں کی سرزمین کے طور پر جانا جاتا ہے۔ اس کے 30 بہادر سپوتوں نے مادرِ وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جن میں 25 پاک آرمی اور 5 پاک فضائیہ کے شہداء شامل ہیں۔
گاؤں سگھر کی پہچان اس کے 766 غازی بھی ہیں جو پاک فوج، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ میں مختلف ادوار میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ تقریب کے دوران ورثائے شہداء میں اعزازی شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔
چیف وارنٹ آفیسر (ر) ملک ملازم حسین نے کہا کہ ہم نے گاؤں کی عوام کے تعاون سے اپنے گاؤں میں یادگارِ شہداء تعمیر کی ہے۔ ہمارا گاؤں شہیدوں اور غازیوں کا گاؤں ہے۔ صوبیدار (ر) اعجاز حسین نے کہا کہ ہم نے اپنی مدد آپ کے تحت یادگار شہداء بنائی ہے اور ہمارے آج بھی 700 کے قریب غازی افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ہم اپنے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
نائیک (ر) غلام محمد نے کہا، میں نے اکہتر کی جنگ لڑی ہے اور آج بھی اس ملک کے لیے جان دینے کے لیے تیار ہوں۔یہ تقریب نہ صرف شہداء کی عظیم قربانیوں کا اعتراف تھا بلکہ سگھر کے باسیوں کی حب الوطنی، اتحاد اور پختہ عزم کا روشن ثبوت بھی ہے۔