وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے پریس کانفرنس کے دوران بجلی کی قیمتوں میں کمی اور ٹریفک حادثات کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان کے اعلان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا بڑا قدم اٹھایا ہے، جس سے عوام کو ریلیف ملے گا۔
وزیر صحت نے کہا کہ وزیراعظم نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ہے جس سے عوام کو ایک بڑی سہولت ملے گی۔ مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ جون سے اب تک بجلی کی قیمتوں میں 18 روپے کی کمی کی گئی ہے، جو کہ اس مہنگائی کے دور میں ایک بڑا اقدام ہے۔
انہوں نے عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ یہ قیمتیں عالمی سطح پر بھی کم ہوئیں ہیں، لیکن آئی ایم ایف کی شرائط کے تحت ہم اپنی مرضی سے کسی قیمت میں کمی نہیں کر سکتے۔
کے الیکٹرک کی مونوپولی
وزیر صحت نے کراچی میں کے الیکٹرک کی مونوپولی پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ کراچی میں اس کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر انہیں موقع ملا تو وہ دوسری بجلی فراہم کرنے والی کمپنیوں کو موقع دیں گے، تاکہ عوام کو مختلف آپشنز مل سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کا متبادل موجود ہونا چاہیے، جیسے ہم ایک سم خریدتے ہیں اور اس کی سروس پسند نہ آئے تو نکال کر پھینک دیتے ہیں، اسی طرح بجلی کی کمپنی کی سروس پسند نہ آئے اس کو چھوڑ کر دوسری لے سکتےہیں، لیکن کے الیکٹرک کے علاوہ کراچی میں کوئی آپشن نہیں ہے۔
ٹریفک حادثات اور قوانین کی سختی
مصطفیٰ کمال نے کراچی میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ شہر میں کھلے عام ہیوی ٹریفک چل رہا ہے۔ انہوں نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹریفک قوانین کو سخت کیا جائے اور ان پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو ایک کروڑ روپے معاوضہ دیا جائے اور زخمیوں کو 50 ہزار روپے کا معاوضہ دیا جائے۔
کراچی کی لسانی ہم آہنگی
وزیر صحت نے کراچی کے مختلف قومیتی گروپوں کے درمیان لسانی ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پختون، مہاجر، سندھی اور بلوچ سب کراچی کے گلدستے ہیں اور ہمیں شہر کی بہتری کے لئے کام کرنا چاہیے۔ مصطفی کمال نے کراچی کے شہریوں کو پیغام دیا کہ وہ تعصب سے بچیں اور ایک دوسرے کے ساتھ محبت اور بھائی چارے کے ساتھ رہیں۔
وزیراعظم اور آرمی چیف کا شکریہ
وفاقی وزیر نے وزیراعظم اور آرمی چیف کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ آرمی چیف نے مہنگائی کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں 2300 ارب روپے کا سرکولر ڈیٹ ہے، جو کہ سات سال میں ختم ہوجائے گا اور اس دوران مختلف کمپنیوں کو پرائیویٹائز کیا جائے گا۔