بھارتی فلم سازوں نے اس بار حد سے زیادہ تخیلاتی اور حقیقت سے دور کہانی پیش کرتے ہوئے کراچی کے علاقے لیاری کو متنازع بنانے کی کوشش کی ہے، فلم میں چوہدری اسلم اور رحمان ڈکیت جیسے حقیقی کرداروں کو دکھایا گیا ہے۔
عدتیہ دھر کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم میں رنویر سنگھ ایک بھارتی جاسوس کا کردار ادا کر رہے ہیں جسے لیاری میں تعینات دکھایا گیا ہے۔ ٹریلر میں لیاری کی تصویر کشی نے ناظرین کو حیران کردیا جبکہ بھارتی شائقین نے بھی اسے ’’غیر حقیقی‘‘ اور ’’شرمناک پروپیگنڈا‘‘ قرار دے دیا۔
فلم میں ارجن رامپال میجر اقبال کے کردار میں نظر آئیں گے جنہیں ’’Angel of Death‘‘ کہا گیا ہے اور دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستانی سیاست ان کی اجازت کے بغیر نہیں چلتی۔
مزید پڑھیں: رنویر سنگھ کی لیاری میں انٹری، پاکستان مخالف فلم میں بے نظیر کی تصاویر بھی شامل
فلم میں اکشے کھنہ کو رحمان ڈکیت کے کردار میں دکھایا گیا ہے جسے فلم میں “Apex Predator” کا لقب دیا گیا ہے۔ سنجے دت کراچی کے معروف کاؤنٹر ٹیرر افسر چوہدری اسلم کے کردار میں “The Jinn” کے طور پر نظر آئیں گے۔
فلم کے ٹریلر نے بہت سے سوالات کھڑے کر دیے ہیں کہ آخر کس بنیاد پر لیاری کو Spy War Zone کے طور پر دکھایا گیا؟ کیونکہ فلم میں دکھائی گئی کہانی کے برعکس حقیقت میں رحمان ڈکیت اور شہید چوہدری اسلم صرف کراچی کی گینگ وار اور پولیس مقابلوں تک محدود کردار تھے۔ فلم کی کہانی میں 1999 کے قندھار ہائی جیکنگ جیسے واقعات کے غیر واضح اشارے بھی شامل کیے گئے ہیں۔
بھارتی سوشل میڈیا صارفین بھی ٹریلر دیکھ کر پھٹ پڑے۔ کئی صارفین نے لکھا کہ فلم فیک نیشنلزم، غلط تاریخ اور بے ربط تصوراتی اسکرپٹ کا ملغوبہ ہے جبکہ کچھ نے طنز کیا کہ بالاکوٹ کا سیکوئل بناتے بناتے لیاری پہنچ گئے!۔
فلم پر تنقید کا سلسلہ بڑھتا جا رہا ہے اور بیشتر صارفین کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ میں اسکرپٹس کی کمی کے باعث اب ہر تاریخی کردار کو من گھڑت بیانیے میں فٹ کر کے پاکستان مخالف پروپیگنڈا بنا دیا جاتا ہے۔