نیو کراچی میں فائرنگ، سیاسی جماعت کا کارکن جاں بحق، ٹارگٹ کلنگ کا شبہ

شہر قائد کے علاقے نیو کراچی میں پاور ہاؤس ہوٹل کے قریب فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت شہزاد کے نام سے ہوئی ہے جو سیاسی جماعت کا کارکن تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم مسلح ملزمان نے عالم پرائڈ کے قریب بیٹھے افراد پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں شہزاد شدید زخمی ہوگیا۔ زخمی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ دورانِ علاج دم توڑ گیا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ معلوم ہوتا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ مقتول شہزاد واٹر بورڈ میں ملازمت کرتا تھا اور چار بچوں کا باپ تھا۔

 واقعے کے بعد پولیس اور کرائم اینٹیلی جنس یونٹ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جبکہ موقع سے نائن ایم ایم پستول کے چار خول بھی برآمد کیے گئے ہیں۔

ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی بھی سول اسپتال پہنچ گئے اور واقعے کی نگرانی کی۔

دریں اثنا رکن صوبائی اسمبلی کامران فاروقی اور پارٹی رہنما نے ایکسپریس نیوز سے بات چیت میں واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا۔

Similar Posts