جاپان کے شہر اوئیتا میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے ایک بڑے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ جس کے نتیجے میں 170 سے زائد عمارتیں جل کر خاکستر ہو گئیں، جبکہ ایک شخص اب تک لاپتہ ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق، آگ منگل کو شام تقریباً 5:40 بجے اوئیتا شہر کے ساگانو سیکی علاقے میں بھڑکی اور دیکھتے ہی دیکھتے بڑے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ فوری طور پر تقریباً 175 رہائشیوں کو ہنگامی شیلٹر میں منتقل کردیا گیا تھا۔
جاپان کے آسمان پر عجیب منظر، اچانک رات دن میں تبدیل، شہری حیران
آگ نے نہ صرف رہائشی عمارتوں کو تباہ کیا بلکہ قریبی جنگلاتی پہاڑی علاقوں تک پھیل چکی ہے۔ اب تک یہ آگ مکمل طور پر بجھائی نہیں جاسکی۔ ایریل فوٹیج میں دیکھا گیا کہ گھروں کے ملبے اور دھوئیں کے گھنے بادل آسمان کی جانب اٹھ رہے ہیں۔ اوئیتا کا یہ قصبہ اپنے مشہور ”سیکی میکرل“ مچھلی کی پیداوار کے لیے جانا جاتا ہے۔
حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات کی تحقیقات جاری ہیں۔ جاپانی وزیراعظم سانائے تاکائیچی نے ٹوئٹر کو بتایا کہ اوئیتا کے گورنر کی درخواست پر فوجی فائر فائٹنگ ہیلی کاپٹر بھی بھیجا گیا ہے تاکہ آگ پر قابو پایا جا سکے۔ شہریوں کی حفاظت اور ملبے سے بچاؤ کے کام جاری ہیں۔
