فضائی حدود کی بندش، ایئر انڈیا کو 4 ہزار کروڑ روپے کا نقصان

بھارت کی جانب سے بلند بانگ دعوئوں اور جارحانہ بیانیے کے برعکس پاکستان کی فضائی حدود کی بندش نے بھارتی ایوی ایشن سمیت سیاسی و عسکری قیادت کی کمزوریاں بے نقاب کر دی ہیں. 

آپریشن سندور میں تاریخی ناکامی اور مسلسل مالی نقصان کے بعد بھارتی حکومت شدید دباؤ اور بوکھلاہٹ کا شکار دکھائی دے رہی ہے۔ 

بھارتی میڈیا چینل ریپبلک نیوز نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے فضائی حدود بند کیے جانے کے بعد ایئر انڈیا کو 4 ہزار کروڑ روپے سے زائد کا بھاری مالی نقصان پہنچا۔ 

ائیر انڈیا نے اس نقصان کی تلافی کیلیے بھارتی حکومت سے معاوضے کی درخواست بھی کر دی ہے۔ ریپبلک نیوز کے مطابق پاکستان کی فضائی پابندی کے باعث ائیر انڈیا کو چین کی فضائی حدود استعمال کرنے کیلیے حکومت سے باقاعدہ منظوری لینا پڑ رہی ہے جبکہ طویل روٹس نے اخراجات کئی گنا بڑھا دیے ہیں۔ 

خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق پاکستان کی پابندیوں کے باعث ایئر انڈیا کے ایندھن کے اخراجات میں 29 فیصد اضافہ ہوگیا ہے جبکہ فضائی حدود کی بندش کی وجہ سے بھارتی ائیر لائن کو سالانہ ساڑھے 45 کروڑ ڈالر تک کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ 

فضائی حدود کی بندش کی وجہ سے امریکا، کینیڈا اور یورپ کیلئے ایئر انڈیا کی پروازیں طویل روٹس اختیار کرنے پر مجبور ہیں جس سے اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

نقصان کم کرنے کیلئے ایئر انڈیا نے چین سے سنکیانگ کی فضائی حدود کھولنے کی درخواست کی ہے اور اس سلسلے میں لابنگ بھی شروع کردی ہے، تاہم چینی دفترِ خارجہ نے بھارت کی درخواست سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔

Similar Posts