ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعل سازی، فراڈ اور کرپشن میں ملوث وزارت مواصلات کے اہلکار سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
گرفتار ملزمان میں محمد ندیم اور سجاد علی شامل ہیں۔ ملزم محمد ندیم وزارت مواصلات میں بطور ڈرائیور کام کر رہا تھا۔
ملزمان نے ایک دوسرے کی ملی بھگت سے شکایت کنندہ سے گولڈ بار کے عوض کروڑوں روپے ہتھیائے۔ ملزمان نے شکایت کنندہ سے مجموعی طور پر 1 کروڑ روپے اور 20,000 امریکی ڈالر ہتھیائے۔
ملزمان نے بعد ازاں گولڈ بار کے بجائے حاصل کردہ رقم کے عوض این ایچ اے میں تعمیراتی ٹھیکے دلوانے کا جھانسہ دیا۔
ملزمان نے بھاری رقوم بینک اکاونٹ کے ذریعے وصول کیں۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے خود کو وزارتِ مواصلات کے افسران ظاہر کیا۔ ملزمان نے سرکاری دفاتر کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے شکایت کنندہ کو اپنے جال میں پھنسایا۔ ملزمان کو گرفتار کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔