تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی کو نیب خیبرپختونخوا نے کوہستان میں 40 ارب روپے کے مبینہ کرپشن اسکینڈل میں تفتیش کے لیے طلب کیا تاہم وہ خود پیش نہ ہوئے۔
ذرائع کے مطابق نیب حکام نے وکیل کو واضح طور پر بتایا کہ اعظم سواتی کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونا ہوگا، وکیل کی موجودگی کافی نہیں۔ وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ اعظم سواتی سے رابطہ ممکن نہیں ہو رہا اور ان کی جانب سے پیشی کے لیے مہلت دی جائے تاہم نیب حکام نے مزید وقت دینے سے انکار کر دیا۔
خیبرپختونخوا میں اربوں روپے کی مالی بے ضابطگیوں اور کرپشن کا سنگین انکشاف
نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ آج طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا تھا اور اعظم سواتی کو ریکارڈ سمیت پیش ہونا تھا۔ عدم پیشی کی صورت میں دوسرا نوٹس جاری کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اسکینڈل میں اعظم سواتی پر 30 کروڑ روپے کی رقم منتقلی کا الزام ہے، جس کی تفتیش نیب خیبرپختونخوا کر رہا ہے۔